Fb Img 1711964167646

یوم شہادت شہید محراب حضرت علی ابن ابی الطالب(ع) کی مناسبت سے میرگنڈ پٹن میں عظیم الشان مجلس عزا کا انعقاد

مولائے کائنات رشد و ہدایت کا ابدی اور لازوال سرچشمہ: مولانا مسرور عباس انصاری

سرینگر//یوم شہادت مولائے کائنات،امام المتقین حضرت علی ابن ابی الطالب علیہ السلام کے موقع پر اتحاد المسلمین جموں وکشمیر کے اہتمام سے وادی کے مختلف مقامات پر عزاداری کی مجالس برگزار ہوئیں ان مجالسوں میں عزاداروں نے شرکت کرکے مولائے کائنات سے بھر پور محبت و عقیدت کا اظہار کرکے امام عصر حصرت امام زمانہ (عجل اللہ) اور ولی امر المسلمین حضرت امام خامنہ ای کو پرسہ پیش کیا ۔ عزاداری کی سب سے بڑی مجلس میرگنڈ پٹن میں برگزار ہوئی جس میں اطراف واکناف سے آئے ہوئے عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی الطالب علیہ السلام کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
Fb Img 1711964176178
اس موقع پر عزاداروں کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد المسلمین جموں وکشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے شہید کوفہ حضرت علی ابن ابی الطالب علیہ السلام کی شہادت کو تاریخ بشریت کے لیے ایک عظیم خسارہ قرار دیا اور کہا کہ اس مصیبت عظمیٰ پر جتنا ماتم کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے مولائے کائنات کی سیرت مطہرہ کے چند روشن پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات رشد و ہدایت کا ابدی اور لازوال سرچشمہ ہے جوقیامت تک آنے والی نسلوں اور تشنگان راہ حق کو سیراب کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں معنی خیز تبدیلی اور معنوی انقلاب اس وقت آسکتا ہے جب ہم مولائے کائنات کی عظیم الشان شخصیت کو سمجھیں گے اور آپ کی سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنا کر اس پر من و عن عمل پیرا ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولائے متقیان کسی گروہ مسلک یا ملت سے مخصوص نہیں بلکہ آپ پوری بشریت کا مشترکہ سرمایہ ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ امت نے اس عظیم المرتبت الہی و آفاقی شخصیت کی ناقدری کرکے اپنا بھیڑا غرق کردیا مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ دنیا کو شہید محراب حضرت علی ابن ابی الطالب علیہ السلام کی سیرت سے امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے اور ایک عادلانہ اور منصفانہ نظام کو تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام علی علیہ السلام کو بہترین خراج یہی ہے کہ ہم بغیر چوں چرا من و عن آپ کی سیرت پر عمل پیرا ہوجائیں اور اپنے خانوادہ اپنے معاشرہ میں نظام علوی قائم کرنے کی کوشش کریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں