119

یوم شہادت حضرت امام زین العابدین ؑ،شالیمار سرینگر میں عظیم الشان جلوس ذوالجناح۔

یوم شہادت حضرت امام زین العابدین ؑ،شالیمار سرینگر میں عظیم الشان جلوس ذوالجناح۔

کربلائی مشن کی ترجمانی کرتے ہوئے امام سجاد ؑ نے جام شہادت نوش فرمایا۔۔۔۔۔ آغا حسن

سرینگر// سلسلہ امامت کی چوتھی کڑی حضرت علی ابن حسین امام زین العابدین ؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے حسب عمل قدیم جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں عظیم الشان جلوس ذوالجناح از خانہ الحاج محمد مقبول حسین آرہ بل شالیمار برآمد ہو کر امام بارگاہ گلشن علی شالیمار میں اختتام پزیر ہوا جلوس ذوالجناح میں وادی کے اطراف و اکناف سے دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کی۔صبح 9 بجے سے لیکر نماز ظہرین تک باغ زینب ؑآرہ بل شالیمار میں مرثیہ خوانی اور مجلس عزا منعقد ہوئی نماز ظہرین کی پیشوائی کے بعد صدر انجمن شرعی شیعیان منبر افروز ہوئے آغا صاحب نے حضرت امام سید الساجدین ؑ کی شان و عظمت اور کردار و عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔آغا صاحب نے کہا کہ امام عالی مقام ؑ میدان کربلا میں زندہ بچ گئے چونکہ مصلحت الٰہی کے عین مطابق امام سجاد ؑ روز عاشورا انتہائی علیل ہوئے اور میدان جہاد کا رخ نہ کر سکے امام زین العابدین ؑ نے عمر بھر کربلا کے فکر و پیغام اور شہادت اعظمیٰ کی ترجمانی کی اگر آج دنیا کے گوشے گوشے میں یا حسینؑ کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں تو یہ اسیران کربلا بالخصوص حضرت امام زین العابدین ؑ اور جناب زینب الکبریٰ ؑ کے کردار و عمل کا نتیجہ ہے اگر یہ دو برگزیدہ شخصیات قافلہ حسینی ؑ کے ہم قدم نہ ہوتے تو آج تاریخ کی کتابوں میں بھی کربلا اور شہادت امام حسین ؑ کا تذکرہ موجود نہ ہوتا آغا صاحب نے کہا کہ حضرت امام سجاد ؑ زہد و تقویٰ اور عباد ت و ریاضت میں یکتاے روزگار تھے عشق اور عرفان الٰہی کے اعلیٰ ترین منزل پر فائز تھے امام عالی مقام ؑ کی مناجات جو صحیفہ سجادیہ کی شکل میں ہمارے پاس موجود ہے نہ صرف عرفان الٰہی کا خزینہ بلکہ ہدیات و نجات کا ایک بے بدل سرمایہ ہے۔ جلوس ذوالجناح کے اختتام پر حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی نے تمام دائرہ حسینی،عزاداروں و انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نےاس عظیم الشان جلوس ذوالجناح میں شرکت فرمائی ابنا انجمن کی انتھک کوششوں کو سرہاتے ہوئے آغا مجتبیٰ نے کہا نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لئے ابنا انجمن کے جوانوں نے قابل تحسین کارکردگی دکھائی اس کے علاوہ چائرہ ماگام میں بھی جلوس ذوالجناح برآمد ہوا جہاں کثیر تعداد میں عزاداروں نے شرکت کرکے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا اس کے علاوہ جن جگہوں پرجلوس عزا برآمد ہوئے ان میں بونہ ہامہ بیروہ،چھترگام چاڈورہ،مام گنڈ بیروہ،ناجن تا گامدو ،جنکشن محلہ گنڈ نوگام تا امام باڑہ گنڈ نوگام ، اُڑینہ سوناواری اور مجلس عزا وکھرون پلوامہ شامل ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں