نیویارک // اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم نے اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ ننانوے کے تحت اس لئے خط لکھا ہے کہ شیرازہ بکھرجانے کے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جمعے کو سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں انسان دوستانہ حمایت کا سسٹم مکمل طور پر ختم ہوجانے کا خدشہ ہے جس کے نتائج بہت ناگوار ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ کے عوام تک امداد رسانی کا پابند ہے اور میں نے آرٹیکل ننانوے کے حوالے سے سلامتی کونسل کو اس لئے خط لکھا ہے کہ ہم شیرازہ بکھرنے کے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مجھے اس بات کی تشویش ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اس کے نتائج پورے خطے کی سلامتی کے لئے تباہ کن ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں اور محدودیتوں کی وجہ سے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے لئے عوام کی مدد دشوار ہوگئی ہے اور مجھے خدشہ ہے کہ غزہ کے واقعات پورے نظام کا شیرازہ بکھرجانے پرمنتج ہوں گے اور لوگوں پر مصر کی جانب اجتماعی مہاجرت کے لئے دباؤ بڑھ جائے گا۔
انتونیو گوترس نے کہا کہ غزہ کی 85 فیصد آبادی ابتدائی ترین ضرورت کی اشیا سے بھی محروم ہوکر اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے کارکنوں کے لئے خطرات اس حدتک بڑھ گئے ہیں کہ اس سے پہلے اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔
سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے 130 کارکن مارے جاچکے ہیں اور ان میں سے اکثر اپنے لواحقین کے ہمرا ہ قتل کئے گئے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں اس ادارے کا اب تک کا سب سے بڑا نقصان ہے۔
انھوں نے کہا کہ رفح پاس بند ہونے اور غزہ پر مسلسل بمباریاں جاری رہنے کی وجہ سے امداد رسانی ممکن نہیں رہی۔
انھوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسان دوستانہ امداد رسانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نےاسی کےساتھ کہا کہ حماس کے اقدامات اسرائیلی حکومت کے لئے فلسطینیوں کو اجتماعی طور پر سزا دینے کا جواز فراہم نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے چند روز قبل اس عالمی ادارے کے منشور کی دفعہ ننانوے کے تحت سلامتی کونسل کو خط لکھا تھا۔
اقوام متحدہ کی تاریخ میں اب تک صرف نو بار آرٹیکل ننانوے کے فعال کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے منشور کےآرٹیکل ننانوے کے مطابق سیکریٹری جنرل جب بھی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سنجیدہ خطرہ محسوس کرے،سلامتی کونسل کے اراکین کو ہنگامی اجلاس کی دعوت دے کر انہیں اس سلسلے میں فوری اقدام کا مطالبہ کرسکتا ہے۔