ہمارا ملک ترقی یافتہ ہندوستان کی طرف لمبی چھلانگ لگانے کیلئے تیار

دفعہ منسوخی کے بعد جموں و کشمیر امن اور ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے/ ترون چھگ

سرینگر //دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر امن اور ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے کی بات کرتے ہوئے بی جے پی کے جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر و لداخ انچارج ترون چھگ نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں نے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کو واپس لانے کیلئے نہ صرف سخت محنت کی بلکہ اس کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی طرف لمبی چھلانگ لگانے کیلئے تیار ہے۔ سی این آئی کے مطابق جموں میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر و لداخ انچارج ترون چھگ نے کہا کہ بی جے پی نے دفعہ 370 کی منسوخی کی یاد منانے کیلئے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اس کیلئے 370 سیٹوں کا ہدف رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ تین خاندانوں نے کشمیر کو ’دہشت گردی کا دارالحکومت‘بنا دیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں موجودہ حکومت اسے ’سیاحتی دارالحکومت‘کے طور پر ترقی دے رہی ہے۔ ان تینوں خاندانوں (مفتی، عبداللہ اور گاندھی) نے اپنے مفادات کے لیے کشمیر کو تشدد کے بھنور میں دھکیل دیا تھا۔ انہوں نے کہا ’’بی جے پی نے جموں و کشمیر کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے دفعہ 370 کو منسوخ کیا۔ اس کے بعد، جموں و کشمیر میں امن لوٹ رہا ہے اور یہ بڑے پیمانے پر جامع ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں نے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کو واپس لانے کے لیے نہ صرف سخت محنت کی بلکہ اس کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کیں۔چھگ نے کہا ’’امرت کال میں، ہمارا ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی طرف لمبی چھلانگ لگانے کے لیے تیار ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ملک 2024 میں ترقی کی ایک بڑی چھلانگ لگائے، عوام سے تجاویز اکٹھی کی جا رہی ہیں‘‘۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ایک ترقی یافتہ ہندوستان، خود انحصار ہندوستان، عالمی دوست ہندوستان کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ چھگ نے کہا کہ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا عزم ہے کہ عوام کی خواہشات پارٹی تک پہنچیں اور ہماری حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اگلے 5 سالوں میں عوام کی ان خواہشات کو پورا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں