کھیلو اِنڈیا سرمائی کھیل 2023‘
مرکزی وزیر مملکت نسیت پرمانک نے کنگڈوری کا دورہ کیا
کھیلوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی
سٹی رپورٹر مشتاق پلوامہ
گلمرگ/ کھیلو اِنڈیا کا تیسر ایڈیشن اِختتام کی طرف گامزن ہے اور گلمرگ میں جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کی جانب سے سرمائی کھیل سرگرمیوں کو مکمل کرنے میں صرف ایک دِن باقی ہے۔ آخری دِن سے قبل مرکزی وزیر مملکت اَمورِ داخلہ اور امور نوجوان و کھیل کود نسیت پرمانک نے کھیلو اِنڈیا سرمائی کھیل 2023ءکے تیسرے ایڈیشن کے تحت کی جانے والی کھیل سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے کنگڈوری کا دورہ کیا ۔ اُن کے ہمراہ سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل نزہت گُل اور دیگر اَفسران بھی تھے۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے کھلاڑیوںسے اِستفساری گفتگو کی اور ان کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لینے کے لئے اَپنی محنت جاری رکھیں اور تجربے میں اِضافہ کریں۔ اُنہوں نے کنگڈوری سے الپائن جی سلالم کے نقطہ آغاز تک سنو بائیک چلانے کا بھی لطف اُٹھایا۔ مرکزی وزیر مملکت نے میڈیا اَفراد کو بریفنگ دیتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ مرکزی وزارت اَمورِ نوجوان و کھیل کود جموںوکشمیرمیں کھیلوںکے بنیادی ڈھانچے بشمول سٹیڈیم کی ترقی کو ترجیح دیتی ہے۔ اِس کے علاوہ کھیل سرگرمیوں کو متنوع بنانے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کھیلوں میں اِنسانی وسائل کی ترقی کو ترجیح دیتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے نوجوانوں او رعام لوگوں میں زبردست کھیل کا جذبہ ہے اور اس معیار کے لئے ان کی تعریف کی۔ بعد میں اُنہوں نے گالف کلب کا دورہ کیا جہاں لمبی قطار میں کھڑے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ان کا پرتپاک اِستقبال کیا ۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے ہر کھلاڑی سے بات چیت کی اور میڈل جیتنے والوں کو مبارک باد دی۔ اِس موقعہ پر وزیر مملکت نے سینئر مردوں کی 1,500 میٹر کی سنو شوریس کو بھی جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ دریں اثنا ،صدر سنو شو ایسو سی ایشن آف اِنڈیا نے مرکزی وزیر مملکت کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں سنو شو مومنٹو بھی پیش کیا۔یہ آفیشلز کے لئے ایک بہت ہی مصروف دِن تھا کیوں کہ آج زیادہ تر ایونٹس کے فائنل منعقد کئے گئے اور جیتنے والوں میں میڈل بھی تقسیم کئے گئے ۔کچھ پروگرام شام کے وقت کے لئے بھی طے کئے گئے ہیں۔ اتوار کی شام تک جموںوکشمیر 9طلائی تمغوں ، 8چاندی کے تمغوں اور 10 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سب سے آگے تھا ۔اِس کے بعد مہاراشٹر نے 7طلائی تمغوں ،2چاندی کے اور 1کانسی کے تمغوں کے ساتھ اور پھر ہماچل نے 7 گولڈ ،8چاندی اور 5 کانسی کے تمغوں کے ساتھ آگے تھے۔آج اُترا کھنڈ کے جے دیپ بھٹ نے سپر نٹ مین میں گولڈ جیتا ، آرمی کے کلوندر شرما نے سنو بورڈ جی سلالم میں سینئر مردوں کے زُمرے میں گولڈ جیتا ، وقار احمد لون ( جے اینڈ کے ) نے جونیئر بوائز کے سنو بورڈنگ سلالم میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔راہل ٹھاکر ( ایچ پی) نے جونیئر بوائز ۔2 کے اَلپائن جی سلالم میں گولڈ جیتا ، فیضان احمد لون( جے اینڈ کے ) نے اَلپائن جی سلالم جونیئر بوائز میں گولڈ حاصل کیا ۔آج سونے کا تمغہ جیتنے والوں میں بالترتیب سینئر مرد او رخواتین کیٹیگری کے اَلپائن جی سلالم میں آرمی کی جکمت رفستن او رورشادیوی ( ایچ پی ) شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ مختلف گروپوں کے لئے نور ڈک ایونٹ میں ، سٹینگین لنڈ اَپ آرمی پرنس کماری ، آئی ٹی بی پی شبنم ہماچل پردیش ،محمد علی او رآرمی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اِسی طرح سارہ جموںوکشمیر ، فرمان علی ایچ اے ڈبلیو ایس ،عادل فیاض جموںوکشمیر ، دھنالکشمی کرناٹک اور نشادیوی نے سپرنٹ کے اَپنے اَپنے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتے۔سکی ماﺅنٹینیرنگ میں اُترا کھنڈ کے میانک ڈمری نے ورٹیکل ریس اور ٹیم سپرنٹ میں دو گولڈ میڈل جیتے۔بوبسلیگ کے سینئر مرد اور خواتین میں ہریانہ نے دونوں گولڈ میڈل جیتے لیکن اِسی کھیل کے جونیئر زمرہ میں جموںوکشمیر او رتامل ناڈو نے بالترتیب جونیئر مرد اور خواتین میں گولڈ حاصل کیا۔ بینڈی کھیل میں گجرات نے اَنڈر 17 ایج گروپ اور اَنڈر 21ایج گروپ مقابلوں میں گولڈ میڈل اَپنے نام کر لئے۔