کشمیر میں شہادت حضرت مسلم ابن عقیلؑ اور یوم عرفہ کی مناسبت سے اجتماعات
بڈگام// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی بھر میں شہادت حضرت مسلم ابن عقیلؑ اور یوم عرفہ کی مناسبت سے اجتماعات منعقد کی گئی۔
جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے نواسہ رسول جگر گوش بتول حضرت امام حسین ؑ کے نمائندہ خاص برائے کوفہ حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کے یوم شہادت اور یوم عرفہ کی مناسبت سےوادی کے اطراف و اکناف میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس سلسلے کے بڑے اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں منعقد ہوئے جن دیگر مقامات پر اس سلسلے میں مجالس عزا اور دعای عرفہ کا انعقاد کیا گیا ان میں خاص طور پر امام باڑہ گامدو ،خانقاہ معلیٰ میر شمس الدین اراکی جڈی بل، نوگام سوناواری سونم یال اورچھترگام شامل ہیں ان مقامات پر دن بھر مرثیہ خوانی کی گئی اور دعای عرفہ کی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔
مرکزی امام باڑہ بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے نماز ظہرین کی پیشوائی کی اور حضرت مسلم ابن عقیل ؑکے کردار و عمل پر روشنی ڈالی۔
حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے یوم عرفہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس باعظمت دن کو خداوند عالم کے ساتھ راز و نیاز اور اپنے گناہوں کی مغفرت کا دن بتایا، روایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا اگر ماہ مبارک رمضان میں کسی کے گناہ نہیں بخشے گئے ہو وہ روز عرفہ اپنے رب کے ساتھ مناجات کرے کیونکہ یوم عرفہ توبہ و استغفار کی قبولیت کا ایک مخصوص دن ہے۔
قدیمی امام بارگاہ حسن آباد میں جناب مسلم ابن عقیل ؑکے سفارتی مشن اور دلدوز شہادت کا واقعہ بیان کرتے ہوئے حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ نے اپنے عمو زاد بھائی کو صرف اس مقصد کے لئے کوفہ روانہ کیا کہ وہ اہل کوفہ کی طرف سے موصول عہد و پیمان وفا پر مبنی ہزاروں خطوط کی اصلیت جان سکیں لیکن عین عرفہ کے روز یزیدی حکومت کے کارندوں نے حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کو مسجد کوفہ کے بلند قامت گنبد سے گرا کر درجہ شہادت پر پہنچایا۔