چلہ کلان کے 30دن مکمل ہونے کے باوجو د ٹھٹھرتی سردی جاری ، بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں کمی
شہر سرینگر سمیت دیگر اضلاع میں ہلکی برفباری اور بارشیں ، سرینگر اور قاضی گنڈ میں ٹھنڈ سے کچھ راحت
24گھنٹوں کے دوران بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان / محکمہ موسمیات
سرینگر /21جنوری //
چلہ کلان کے 30دن مکمل ہونے کے باوجو د وادی کے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے تاہم بارشوں اور برفبار ی کی پیشگوئی کے بیچ سرینگر اور قاضی گنڈ کو چھوڑ کر جموں و کشمیر کے دیگر مقامات پر شبانہ درجہ حررات میں مزید کمی درج ہوئی۔ ادھر محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ٹنل کے آر پار خراب موسمی صورتحال جاری ہے ۔ ابر آلود موسم کے چلتے رات کے دوران بیشتر مقامات پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ دن بھر کہیں کہیں رجم بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ خراب موسمی صورتحال کے چلتے وادی کشمیر کے بیشتر حصوں کے ساتھ ساتھ جموں کے بانہال اور بھدرواہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔ تازہ برفباری کے ساتھ ہی سرینگر اور قاضی گنڈ کو چھوڑ کر جموں و کشمیر کے دیگر مقامات پر شبانہ درجہ حررات میں مزید کمی درج ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرینگر میں 2 سینٹی میٹر، قاضی گنڈ میں 13 سینٹی میٹر، پہلگام میں 32.9 سینٹی میٹر، کوکرناگ میں 18.5 سینٹی میٹر، گلمرگ میں 8.2 سینٹی میٹر، بانہال میں 6.5 سینٹی میٹر اور بھدرواہ میں 3.0 سینٹی میٹر برفباری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں میں 4.2 ملی میٹر، بٹوٹ میں 17.4 ملی میٹر، کٹرہ میں 8.2 ملی میٹر اور کٹھوعہ میں 4.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔درجہ حرارت کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ سرینگرمیں کم سے کم 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ رات منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق پہلگام میں گزشتہ رات منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ اس جگہ کے لیے معمول سے 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبے میں پارہ منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ گزشتہ رات منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اور شمالی کشمیر کے علاقے میں یہ معمول سے 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 8.7 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیشگوئی کی ہے 23 سے 25 جنوری تک درمیانی اور اونچے علاقوں میں بڑے پیمانے پر درمیانے سے بھاری برفباری کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں، عام طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے اور جموں و کشمیر میں ہلکی برفباری اور بارش کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ 23سے 25جنوری تک میدانی علاقوں میں بڑے پیمانے پر درمیانے درجے کی برفباری اور جموں کے کچھ علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔