0

پاراچنار قتل عام کے خلاف شیعہ فیڈریشن جموں کا شدید ردعمل

اقوام عالم مجرمانہ خاموشی توڑ کر پاراچنار کے مظلوم عوام کو انصاف دلوائیں: الحاج عاشق حسین خان

سرینگر// شیعہ فیڈریشن جموں نے پاراچنار میں شیعہ نسل کشی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے فیڈریشن کے صدر الحاج عاشق حسین خان نے اپنے مذمتی بیان میں اس بزدلانہ کاروائی اور قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا بہت بڑا المیہ قرار دیا انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے شیر خوار بچے کی شہادت حکومت پاکستان کے ماتھے پر بدنما دھبہ رہ گیا ہے جنہوں نے آج تک پاراچنار کے دسیوں ہزار کا ایک بھی قاتل کیفرکردار تک نہیں پہنچایا۔ عاشق صاحب نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی،سماجی ،مذہبی لیڈروں کو چن چن کر جیلوں میں بند کیا جارہا ہے لیکن دہشتگردار اور دسیوں ہزار معصوم عوام کے قاتلوں کو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے جو آوارہ اور بلا خوف گھوم کر معصوم عوام خاص طور پر خواتین و بچوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنارہے ہیں۔ خان صاحب نے کہا کہ پاراچنار کے شیعیان حیدر کرار کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت پاکستان مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے جو دلسوز سانحات کے بعد مذمتی بیان جاری کرکے معاملے کو گول مول کرتے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کے ان دعویداروں کی مجرمانہ خاموشی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے معصوم عوام ایک طویل عرصے سے انصاف کے طلبگار ہیں لیکن اس مظلوم قوم کی آواز کو اجاگر کرنے کے بجائے دبایا جارہا ہے انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مجرمانہ خاموشی توڑ کر پاراچنار میں دہشتگردوں کی درندگی روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں اور ان کو انصاف دلاکر قاتلوں اور ان کے آقاؤں کو قرار واقعی سزا دلوائیں ۔عاشق صاحب نے شہدائے پاراچنار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی اور تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات ،زخمیوں کی مکمل صحتیابی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں