89

وصال پیامبر اسلام ؐاور شہادت امام حسن ؑ کی مناسبت سے سرینگرو بارہمولہ میں اتحادالمسلمین کے زیر انتظام مجالس عزا کا انعقاد

وصال پیامبر اسلام ؐاور شہادت امام حسن ؑ کی مناسبت سے سرینگرو بارہمولہ میں اتحادالمسلمین کے زیر انتظام مجالس عزا کا انعقاد
IMG-20230915-WA0022
نانا اور نواسہ پوری بشریت کے لئے آئیڈیل ، سیرت طیبہ میں تمام انفرادی واجتماعی مسائل کا حل مضمر :مولانا مسرور عباس انصاری

سرینگر// رحلت جانسوز پیامبر گرامی اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ؐ و نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبیٰ ؑکی مناسبت پر جموں وکشمیر اتحا د المسلمین کے زیر اہتمام گنڈ حسی بٹ سرینگر اور اٹھورہ بارہمولہ میں مجالس عزا منعقد ہوئیں اور بعد ازآں عزاداری کے جلوس بھی برآمد ہوئے۔عزاداری کی ان عظیم الشان مجالسوں میں عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے مرثیہ خوانی، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے نانا اور نواسہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔گنڈ حسی بٹ سرینگر میں عزاداروں کے جم غفیر سے اتحاد المسلمین کے صدر اور ممتاز اسلامی اسکالر حجۃ الاسلام مولانا مسرور عباس انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نانا اور نواسہ پوری بشریت کے لئے آئیڈیل ہے اور ان عظیم المرتبت شخصیات کی سیرت طیبہ میں تمام انفرادی واجتماعی مسائل کا حل مضمر ہے۔مولانا نے کہا کہ بشریت کی نجات کا راستہ پیامبراکرم ؐ وسبط پیامبرحضرت امام حسن ؑ کی پیروی میں ہےاور ان عظیم ہستیوں کی سیرت ہی عالم انسانیت کو دنیا و آخرت کی فلاح و سعادت کے قریب لاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریت کی بقا، فلاح و بہودی، آزادی اورانسان کی دنیاوی و ابدی سعادت کے لئےپیامبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی شخصیت کو پہچاننے اور اہلبیت اطہار علیہم السلام کی معرفت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔مولانا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ نے رسول اسلام ؐ کی تعلیمات کو بالائے طاق رکھ کر اغیار کی نقالی شروع کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج امت میں ہر سُو انتشار کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی بے غیرتی کا جیتاجاگتا ثبوت اس سے بڑھ کر کیا ہوسکتا ہے کہ نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسن ؑ دختر رسول ؐحضرت فاطمہ زہراؑاور دیگر ائمہ، اصحاب اور ازواج مطہرات کی قبورپاک سرزمین وحی پر کھنڈرات کے منظر پیش کررہی ہیں۔ ایک طرف سے اسی سرزمین پر بلند قامت والے مندر تعمیر ہورہے ہیں دوسری جانب جنت البقیع پر حرم پاک تعمیر نہیں ہونے دیا جارہا ہے۔انہوں نے عالم اسلام کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ جنت البقیع پر روضہ اطہر کی تعمیر کے لئے اپنا مثبت کردرا ادا کریں۔مولانا مسرور عباس انصاری نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا تنظیمی اقدار اور منشورسے کبھی بھی کسی کو انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کا اپنا دستور اور منشور ہے اور اتحاد المسلمین سے وابسطہ ہر فرد اپنے منشور پر من وعن قائم ہیں اور قائم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد المسلمین میں دوہری پالیسی کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ تنظیم کا ایک ایک کارکن تنظیم کے بنیادی اصولوں پر کاربندرہیں گے اور اپنے قائد کے مشن کی آبیاری کرتے رہیں گے۔ادھر اٹھورہ بارہمولہ میں بھی مولانا مسرور عباس انصاری نے مجلس عزا سے خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں