سرینگر // وزیراعظم مودی نے دوحہ میں قطری ہم منصب سے ملاقات کی جس دوران نئی دہلی اور دوحہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے لکھا ” وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کے ساتھ ایک شاندار ملاقات ہوئی۔انہوں نے لکھا ”ہماری بات چیت ہندوستان قطر دوستی کو فروغ دینے کے طریقوں کے گرد گھومتی ہے“ ۔ وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران، دونوں رہنماﺅںنے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مالیات اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماﺅں نے مغربی ایشیا میں حالیہ علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا” وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے بدھ کو جمہوریہ ہند کے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی، جو ملک کے دورے پر ہیں“۔
ملاقات کے دوران، انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کے تعلقات اور ان کی حمایت اور ترقی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے قطر کے وزیر اعظم کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ پی ایم مودی جو یو اے ای کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بدھ کی رات قطر پہنچے، ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المراخی نے ان کا استقبال کیا۔ ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ قطر میں ہندوستانی برادری کی فلاح و بہبود میں تعاون کرنے پر امیر قطر کے مشکور ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مودی اور امیر کے درمیان ہونے والی ملاقات کو ” نتیجہ خیز“ قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعظم نے اس ملک میں ہندوستانی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے قطری رہنما کا شکریہ ادا کیا۔مودی متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد کل رات قطر کے اس دارالحکومت پہنچے۔