مہاجرین کے حق میں منظور 25لاکھ میں سے بقیہ مالی پیکیج واگذار کیاجائے:منجیت سنگھ
پاکستانی مقبوضہ کشمیر اور چھمب کے مہاجرنوجوانوں کیلئے پیرا ملٹری اور بھارتیہ فوج میں بھر موقع بھرتی ریلیاں کرنے کی مانگ
رام گڑھ// اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے حکومت ِ ہند سے اپیل کی ہے کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر اور چھمب کے بے گھر افراد(DPs)لوگوں کے حق میں منظور شدہ فی کنبہ25لاکھ روپے میں سے بقیہ مالی پیکیج واگذار کیاجائے۔
موصوف بلاک رام گڑح کے کھوڑ سلاریہ علاقہ میں عوامی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام پارٹی ضلع صدر لیگل سیل ایڈووکیٹ ساہل بھارتی نے بلاک صدر رام گڑھ بچن لال ، سوم لال وغیرہ کے ساتھ مل کر کیاتھا۔
منجیت سنگھ نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تلخی اور کشیدگی کا سب سے زیادہ شکار پاکستانی مقبوضہ کشمیر اور چھمب علاقہ سے بے گھر ہونے والے لوگ ہیں۔ یہ لوگ سنگین حالات میں زرخیز زرعی اراضی، رہائشی مکانات وکاروبار چھوڑ کر جموں صوبہ کے سرحدی خطہ میں آکر آباد ہوئے۔ ایسے حالات میں حکومت کے لئے یہ ناگزیر ہے کہ وہ آگے آکر اِن مہاجرین کی مدد کرے اور اُن کی بازآبادکاری کے لئے مالی امداد فراہم کرے۔
انہوں نے کہاکہ سابقہ مرکزی سرکار نے فی کنبہ 25لاکھ روپے مالی پیکیج کو منظوری دی جس میں سے ابھی تک فی کنبہ صرف5.5لاکھ روپے ہی واگذار کئے گئے ہیں جبکہ20لاکھ فی کنبہ ابھی باقی ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ بلا تاخیر یہ مالی امداد مستحقین کو فراہم کی جانی چاہئے۔
اس دوران انہوں نے مہاجردیہات میں ترقی کے فقدان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ افسران کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی جائے جوکہ اِن سرحدی گاو ¿ں کا دورہ کر کے یہاں پر ترقی کو یقینی بنائے ۔انہوں نے DP’sاور رفیوجیوں کے لئے سرحدی علاقہ میں موقع پر بھرتی ریلیاں منعقد کی جائیں تاکہ بڑھتی بے روزگاری پر قابو پایاجاسکے اور اِ ن بے گھر کنبوں کے نوجوان پیرا ملٹری فورسز اور بھارتیہ فوج میں شامل ہوسکیں۔
اس دوران رام گڑھ میں تعمیر وترقی کے کئی مسائل پر بھی تفصیلی غوروخوض ہوا۔