معراج العالم کی اختتامی تقریب :درگاہ حضرت بل سمیت مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد

فرزندان توحید کا اژ دھام اُمڈ آیا،اللہ اکبر کے نعروں کی ہر طرف سنائی دی گونج ,ماحول بھی معطر تھا

سٹی رپوٹر سرینگر // معراج العالم کی اختتامی تقریب پر درگاہ حضرت بل میں فرزندان توحید اورعاشقان رسول ﷺ کا اژ دھام اُمڈ آیا ،جو نماز جمعہ کے بعددیدار ِموئے مقدس ﷺ سے فیضیاب ہوئے۔درودحضور ’صلی علیک یا رسول اللہ،وصلم علیک یا حبیب اللہ ‘ کا وردکرتے ہوئے فرش پر استادہ عرش کی طرف ہاتھ اُٹھاکر اللہ تعالیٰ کے حضوراپنے گناہوں ،خطائووں اورلغزشوں کی معافی طلب کی ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں معراج العالم کے تقریب جمعہ کو بھی وادی بھرمیں پوری عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی اور اس سلسلے میں پوری وادی کی مساجد ، خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی ہوئی اور لوگ اللہ کے حضور میں سربسجود ہو کر درود ازکار میں بھی محو رہے ۔ جمعہ کو وادی میں معراج العالم کی سب سے بڑی اختتامی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں شہر سرینگر سمیت وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولﷺدرگاہ حضرت بل میں جمع ہوئے۔سٹی رپورٹر کے مطابق درگاہ حضرتبل میںزائرین کا سب سے بڑا اجتماع ہوا اور اطلاعات کے مطابق کپوارہ، ،بارہمولہ، سوپور ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیان ، گاندربل ، اننت ناگ ،بڈگام سمیت دیگر اضلاع کے دور دراز دیہات سے مرد وزن کی ایک بڑی تعدا د نے پہلے ہی درگاہ حضرت بل پہنچنا شروع کیا اور اس سلسلے میں کئی ایک مقامات پر زائرین کے لئے ایس آر ٹی سی کی گاڑیاں وقف رکھی گئیں جو زائرین کو درگاہ حضرتبل لانے اور لیجانے کے لئے استعمال ہوئی۔ سٹی رپوٹر کے مطابق درگاہ جانے والے زائرین کیلئے سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی طرف سے خصوصی بسوں کا انتظام کیاگیاجبکہ جگہ جگہ رضاکار تنظیموں کی طرف سے لوگوں کیلئے مشروبات بھی دستیاب رکھی گئی تھیں۔ معراج العالم کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر آثار شریف حضرتبل میں لوگوں کا اژدھام اُمڈ آیا جس میں بچے ،بزرگ،خواتین اور بچے شامل تھے۔سٹی رپورٹر کے مطابق نماز جمعہ کے بعد موئے مقدسﷺ کی زیارت کی نشاندھی کی گئی تو لاکھوں ہاتھ فضا میں لہرائے اور اللہ اکبر کے نعروں سے حضرتبل کا پورا علاقہ گونج اٹھا جبکہ ماحول بھی معطر ہوا۔اس دوران دورود ازکار اور دعائوں کی آوازیں بھی بلند ہوئی جبکہ رقعت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔خواتین زائرین کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقعہ پر موجود تھیں جو اس موقعہ پر خاص طور پر اشکبار آنکھوں اور سسکتے لبوں کے ساتھ توبہ استغفار کے کلمے بلند کر رہی تھیں۔ادھرہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے درگاہ کے صحن میں نماز جمعہ ادا کی اور درود ازکار کی محفلوں میں شرکت کی۔ اس دوران پیر دستگیر صاحبؒ خانیار وسرائے بالا کی زیارت کو بھی سجایا سنوارا گیا ہے اور وہاں بھی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ نماز جمعہ کے موقعے پر ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر علماء نے فلسفہ مہراج پر روشنی ڈالی۔ادھر آثار شریف پنجورہ شوپیان ، جناب صاحب صورہ،کھرم سرہامہ،خانقاہ فیض پناہ ترال، خانقاہ معلیٰ سرینگر، آثار شریف شہری کلاشپورہ کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع اور قصبہ جات جن میں پلوامہ ، کولگام ،سوپور، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ، بارہمولہ اور کپوارہ شامل ہیں ،میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔دریں اثناء کعبہ مرگ اننت ناگ میں معراج النبی کی اختتامی تقریب کے سلسلہ میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوںکی ایک بڑی تعداد رسول پاک ﷺکے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ معراج العام ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر منعقد کی گئی۔ تقریبات میں ائمہ مساجد نے تفصیل کے ساتھ فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی جبکہ ان روح پرمجالس میں وادی میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں