Download (6) 30

مسئلہ فلسطین ایران اور ماسکو مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے، صدر رئيسی

ایران// صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے بارے میں تبادلہ خیال ایران روس مذاکرات کا ایک اہم ایجنڈا ہے۔

ماسکو روانگی سے قبل تہران ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ایران سید ابراہیم رئيسی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں غزہ پر بمباری کو روکنے کے لیے فوری اقدامات، محاصرہ ختم کرانے، فلسطینی عوام کو امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے حقوق کی بالادستی کو یقینی بنانے کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ وہ صدر ولادیمیر پوتین کی دعوت پر روس جارہے ہیں جس کا مقصد خطے کے حساس مسائل پر مشاورت اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اچھے قدم اٹھائے گئے ہیں۔

صدر نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کے علاوہ یوریشین یونین، شنگہائی تعاون تنظیم اور برکس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور روس شمال جنوب راہداری منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار تیز کیے جانے کے بھی خواہاں ہیں۔

مبصرین کے مطابق صدر ایران کی میزبانی سے ایک روز قبل روسی صدر مغربی ایشیا کے 2 اہم ملکوں کے دورے سے واپس پہنچے ہیں جس سے صدر ایران کے حالیہ دورے کی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں