اننت ناگ میں پابندیوں کے باوجود ٹیوشن سنٹروں کی بھر مار،کئی نجی اسکولوں میں بھی درس و تدریس کا سلسلہ جاری
سرینگر// جموں کشمیر یوٹی میں طالب علموں کے سالانہ امتحانات مارچ میں منعقد ہونے والے ہیں جس میں اب کم وقت بچا ہے تاہم امتحانات کے لئے طالب علم تیاریوں میں لگے ہیں اگرچہ پہلے یہ امتحانات نومبر میں لیے جاتے تھے تاہم بعد میں محکمہ تعلیم نے ان امتحانات کو مارچ میں منعقد کرانے کا فصیلہ لیا آٹھویں جماعت کے لئے یہ امتحان پانچ مارچ سے جبکہ دسویں جماعت کے امتحانات دس مارچ سے شروع ہونگے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ان دنوں طالب علم امتحانات میں کامیاب ہونے کے لئے درس وتدریس میں لگے ہیں اگرچہ ان دنوں سرمائی تعطیلات چل رہی ہیں اور چیف ایجوکیشن افسر اننت ناگ نے سکولوں میں کسی بھی درس و تدریس پرمکمل طور پابندی عاید کی ہے تاہم کچھ نجی سکولوں میں سکول انتظامیہ کی طرف سے طالب علموں کے لئے اضافی ٹیوشن کا بھی انعقاد کیا گیا ہے کچھ نجی سکولوں نے بچوں کے ٹیوشن کے لئے سکولوں سے باہر ٹیوشن مراکز قائم کئے ہیں۔ضلع کے مختلف علاقوں میں کھلے عام ٹیوشن سنٹروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں لور جماعت سے لیکر بڑی جماعتوں کے بچوں کو پڑھایا جارہا ہے۔ وی او آئی نمایندے امان ملک کے مطابق اگرچہ ابھی تمام جماعتوں کے سالانہ امتحانات منعقد نہیں ہوئے ہیں تاہم اس کے باوجود والدین سے موٹی موٹی رقم لیکر بچوں کو نئی جماعتوں کا سیلبس پڑھایا جارہا ہے۔