WhatsApp Image 2023-01-23 at 7.39.51 PM

لوگوں میں بڑھتی بد اعتمادی کے لئے انتظامیہ ذمہ دار

لوگوں میں بڑھتی بد اعتمادی کے لئے انتظامیہ ذمہ دار

بلاتاخیر جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں:منجیت سنگھ

آر ایس پورہ//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں بلا تاخیر جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔
آر ایس پورہ میں اپنی پارٹی دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں پر ورکروں کی میٹنگ میں بولتے ہوئے سابقہ وزیر نے کہا”لوگ انتظامیہ پر مکمل اعتماد کھوچکے ہیں کیونکہ انتظامیہ اِن کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ برعکس اِس کے ایسی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں اور فرمان جاری ہورہے ہیں جن سے عوام کو ہراساں کیاجارہا ہے، اُن کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ کیاجارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں کوئی طبقہ بھی بیروکریسی اور موجودہ ایل جی انتظامیہ کے ظلم وجبر سے خوش نہیں۔ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان روزگار کے لئے پریشان ہیں، کسان اپنے زرعی کھیت چھین جانے کے خوف میں ہیں، لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کی گھروں کی نیندیں اُڑ گئی ہیں کہ اُنہیں اپنی زمینوںسے بیدخل کیاجائے گا، غیر مقامی لوگوں کو جموں وکشمیر کے مسائل، روزگار کی لوٹ کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔
اس پروگرام کا اہتمام ضلع صدر جموں رورل بی ایڈووکیٹ ہرپریت سنگھ نے کیاتھا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ لوگ انتظامیہ سے اُکتا چکے ہیں اور جلد جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے اور ریاستی درجہ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایل جی انتظامیہ کی جگہ منتخب حکومت آتی ہے تو منتخب نمائندوں سے مشاورت کرکے عوام کے مسائل کو باعزت طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے ۔کوئی سخت فیصلہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ منتخب حکومت ہمیشہ عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے۔ تاہم بیوروکریسی عوام کے سامنے جوابدہ نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ منحوس طریقے سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کی سخت مذمت کی اور کہاکہ انتظامیہ نے اپنے مذموم مقاصد کے ساتھ منتخب لوگوں کو نشانہ بنایا ہے اور مقبولیت حاصل کرنے کے لیے منتخب لوگوں کو لیک کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کو غریب اور پسماندہ لوگوں کو ان کے زرعی کھیتوں، زمینوں، مکانات یا تجارتی مقامات سے بے گھر کرکے نشانہ نہیں بنانا چاہئے کیونکہ اس مہم سے غریب متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسداد تجاوزات مہم کے خلاف عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ انسداد تجاوزات مہم جموں و کشمیر میں انسانی بحران پیدا کرے گی۔دریں اثنا، انہوں نے سیاحت کے لیے سرحدی دیہاتوں میں ترقی کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ سچیت گڑھ بارڈ، گھرانہ آبگاہ اہم سیاحتی مقامات کے طور اُبھر کرسامنے آسکتے ہیں جنہیں ترقی دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر صوبائی سیکریٹری وضلع صدر جموں اربن ڈاکٹر روہت گپتا، ریاستی کارڈی نیٹر ایس سی ونگ بودھ راج بھگت، ریاستی صدر اپنی پارٹی اعجاز کاظمی، گرمیت سنگھ، کرشن سنگھ، جنک لال، کیرتی دیوی، راکیش کمار وغیرہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں