Download 44

لوک سبھا انتخابات کے بعد جموں وکشمیرمیں اسمبلی چناو بھی منعقد ہونگے :رویندر رینا

جموں// بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اتوار کے روز کہا کہ بھاجپا پوری قوت کے ساتھ چناو لڑے گی۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے بعد جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو بھی کرائے جائیں گے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پارلیمنٹ انتخابات کا بگل بجا دیا ہے اور سات مراحل میں چناو ہونگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس بار 97کروڑ ووٹر حق رائے دہی کا استعمال کرکے کنول کا بٹن دبا کر مودی کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کریں گے۔بی جے پی صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں پانچ پارلیمانی نشستوں پر پانچ مراحل میں الیکشن کا انعقاد عمل میں لایا جا رہاہے ، پہلا مرحلہ 19اپریل کو ادھم پور میں ہوگا، دوسرا 26اپریل کو جموں ریاسی پارلیمنٹری سیٹ پر ہوگا ، سات مئی کو اننت ناگ راجوری اور 13مئی کو سری نگر پارلیمانی نشست پر الیکشن ہوگا۔اس سوال کے جواب میں جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کب ہونگے ، بھاجپا صدر نے کہاکہ اس کا فیصلہ چناو کمیشن کو کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک بی جے پی کا تعلق ہے تو ہم اسمبلی انتخابات کے لئے بھی پوری طرح سے تیار ہیں۔ان کے مطابق اگر الیکشن کمیشن پارلیمنٹ چناو کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات کا اعلان کرتا تو ہم اس کے لئے بھی تیار تھے۔رینا نے کہاکہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کو موخر کیا گیا تاہم الیکشن کمیشن نے یقین دلایا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد اسمبلی چناو ہونگے۔رویندر رینا نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔انہوں نے کہاکہ لوگ بھاجپا کو تعمیر وترقی کی بنا پر ووٹ دیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ اس بار کشمیر میں بھی کنول کا پھول کھلے گا۔بھاجپا صدر نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے ہندو، مسلمان ، سکھ ، عیسائی ، جموں کے ڈوگرہ سماج اور کشمیری عوام غرض ہر طبقے کاخیال رکھتے ہوئے کام کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کانعرہ اس بار چار سو پار ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ ملک کے لوگ ایک دفعہ پھر بی جے پی کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں