ایران //صدر ایران نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں، وقت ضائع کئے بغیر مختلف براعظموں کے ملکوں پر مشتمل ایک عالمی اتحاد تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور کیوبا کے صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس میں فلسطینی عوام کی حمایت میں عالمی اتحاد کی تشکیل پر دونوں ملکوں کے اتفاق کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا ہےکہ دونوں ملکوں کے درمیان اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں مختلف براعظموں کے ملکوں کا ایک عالمی اتحاد تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ فلسطینی عوام کو ان کے برحق حقوق دلائے جاسکیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور کیوبا کے صدور نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں باہمی روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ پر بھی زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اس پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ زراعت، معدنیات، توانائی اور دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور فروغ دینے کی کافی گنجائشیں پائي جاتی ہے۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایران اور کیوبا کے درمیان کافی اشترا کات پائے جاتے ہیں اور ایران میں اسلامی انقلاب کامیاب ہونے کے بعد دونوں ملکوں نےمختلف میدانوں میں ایک دوسرے سے قریبی تعاون کیا ہے جو فروغ پذیر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور کیوبا دونوں، تسلط پسند نظام کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ کیوبا برسوں سے امریکا کی تسلط پسندی کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے اور کیوبا کی حکومت اور عوام کی یہ استقامت قابل تعریف ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ امریکا کی تسلط پسندی کے مقابلے میں ایران اور کیوبا کی استقامت دنوں ملکوں کے خلاف پابندیوں کی بنیادی وجہ ہے۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکا یہ سمجھتا ہے کہ وہ پابندیوں سے ہماری پیشرفت روک سکتا ہے لیکن یہ اس کے اندازے کی غلطی اور غفلت ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ ممالک باہمی تعاون سے امریکا کی پابندیوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔