Whatsapp Image 2023 10 22 At 8.42.49 Pm 86

فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت پر مولانا سبط محمد شبیر قمی کا اظہار تشویش

سرینگر/ معروف شعیہ عالم دین اور پیروانِ ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر نے فلسطین کے خلاف اسرائیل کے مسلسل جارحانہ حملوں اور معصوم فلسطینیوں کی قتل و غارتگری پر اپنے گہرے افسوس اور دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام کی مسلسل تباہی اور خونریزی پر مغربی دنیا کے منافقانہ رویہ اور مسلم ممالک کی شرمناک خاموشی پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا، ’’یہ دیکھ کر دل دہل جاتا ہے کس طرح اسرائیل کے جارحانہ حملوں کی وجہ سے فلسطین میں بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں جبکہ خود ساختہ مہذب دنیا بالخصوص مغرب اور یورپ اس ظلم و بربریت کے حوالے سے منافقانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ فلسطینی عوام کو اسرائیل کے بے رحمانہ حملوں سے بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے مسلم ممالک شرمناک خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔‘‘

مولانا سبط محمد شبیر قمی نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کریں اور انہیں اس وقت جاری بربریت سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا، ’’مسلم ممالک کو متحد ہو کر اسرائیلی حملوں کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ متاثرہ آبادی کو وہ ضروری ریلیف ملے جس کی انہیں اس وقت اشد ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں