فلسطینیوں کا قتل عام انسانی حقوق کی پامالی ہے انسانی حقوق کونسل میں ایران کے نائب صدر کا بیان
لندن // ایران کے نائب صدر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے جنیوا میں حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں نہتے اور بے گناہ فلسطینی عوام کے قتل عام کو انسانی حقوق کی کھلی پامالی قرار دیا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر برائے سائنس ٹیکنالوجی روح اللہ دہقانی نے جمعرات کو جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کونسل میں ملکوں کے نمائندوں سے غزہ میں فوری اور دائمی جنگ بندی کی حمایت کی اپیل کی ۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے عالمی سطح پر کئے جانے والے مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام جاری رکھا ہے۔
گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھی غزہ میں جنگ بندی کے لئے عرب ملکوں کی مجوزہ قرار داد پاس کی تھی ۔
لیکن غاصب صیہونی حکومت نے مغربی ملکوں کی بھر پور حمایت سے غزہ میں مظلوم عوام ، عورتوں اور بچوں کے بے رحمانہ قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔