غزہ کے زخمیوں کو کربلا کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے اور مفت علاج کے لئے مکمل آمادہ ہیں: حرم امام حسین (ع)
فلسطین// عتبہ حسینیہ کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا: عراقی حکومت کے تعاون سے حرم امام حسین علیہ السلام غزہ کی پٹی پر صیہونی حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی مفت نقل و حمل اور صوبہ کربلا کے اسپتالوں میں علاج کے لیے آمادہ ہے۔
حرم امام حسین علیہ السلام کی انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ نے مزید کہا: حرم امام حسین علیہ السلام عراقی حکومت کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے مسلسل حملوں میں زخمی ہونے والوں کو عراق منتقل کرنے، علاج اور رہائش کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے تیار ہے۔
عتبہ حسینیہ کے سربراہ نے کہا: فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کے سلسلے میں یہ اقدام آیت اللہ العظمیٰ سید علی الحسینی سیستانی کے حکم پر انجام دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ طوفان الاقصی آپریشن اپنے پندرہویں دن میں داخل ہو چکا ہے، اس دوران غزہ کے رہائشی علاقوں اور مذہبی اور طبی مراکز پر مسلسل بمباری میں اب تک تقریباً 4400 فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے ۔
غزہ کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 15 دنوں کے دوران غزہ پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہے جو مغرب بالخصوص امریکہ کے عطیہ کردہ بموں سے ہوئے ہیں، لاپتہ افراد کی تعداد بھی ایک ہزار سے زائد ہے جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں ۔