170719978 88

غزہ پر حملے بند کرنے کے لئے امریکا اور صیہونی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی تاکید : رہبر انقلاب اسلامی

غزہ پر حملے بند کرنے کے لئے امریکا اور صیہونی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی تاکید : رہبر انقلاب اسلامی

ایران // رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عراق کے وزیر اعظم سے ملاقات میں امریکا اور صیہونی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی تاکید کی ہے۔

پیر کو تہران میں عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے اپنے وفد کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں غزہ کے عوام کی حمایت میں عراق کے عوام اور حکومت کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے، غزہ کے مظلوم عوام کا قتل عام روکنے کے لئے امریکا اور صیہونی حکومت پر عالم اسلام کے دباؤ میں اضافے کی تاکید فرمائی۔

آپ نے فرمایا کہ عراق علاقے کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے، عرب دنیا اورعالم اسلام میں ایک نئی لائن آف ایکشن (حکمت عملی) وجود میں لاسکتا ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کے حملے شروع ہونے کے ابتدائی دنوں میں ہی ان حملوں میں اور اس جنگ کو چلانے میں امریکا کی براہ راست مداخلت واضح ہوگئی تھی۔

آپ نے فرمایا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس جنگ اور صیہونی حکومت کے جرائم میں امریکا کے براہ راست کردار کے دلائل زیادہ واضح اور محکم ترہوتے جارہے ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر امریکا کی سیاسی اور اسلحہ جاتی حمایت نہ ہو تو صیہونی حکومت کے لئے اس جنگ اور جرائم کو جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صحیح بات یہ ہے کہ امریکی غزہ میں صیہونیوں کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں ۔

آپ نے فرمایا کہ غزہ میں عوام کے تمام تر قتل عام کے باوجود،صیہونی حکومت حقیقی معنی میں شکست کھاچکی ہے اور اپنی خاک میں مل جانے والی عزت و آبرو دوبارہ حاصل نہیں کرسکی ہے اور آئندہ بھی نہیں کرپائے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے غزہ پر بمباری روکنے کے لئے امریکا اور غاصب صیہونی حکومت پرسیاسی دباؤ بڑھانے کی تاکید کے ساتھ فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق باہمی ہم آہنگی کے ساتھ اس سلسلے میں موثر اور فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں اقتصادی اور سیکورٹی امور میں ایران اورعراق کے باہمی تعاون کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں پیشرفت ہورہی ہے لیکن اس بات پر توجہ ضروری ہے کہ اسی جذبے کے ساتھ جو شروع میں تھا، اس تعاون کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور اس میں سست روی نہیں آنی چاہئے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آخر میں اربعین حسینی کے ایام میں زائرین کی مہماں نوازی میں عراقی عوام ، حکومت اور خود وزیر اعظم کی ذاتی مساعی کو قابل تعریف بتایا اور شکریہ ادا کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں