Whatsapp Image 2023 10 13 At 6.04.33 Pm

غزہ پر اسرائیلی بربریت کے خلاف اتحاد المسلمین کا شدید ردعمل

غزہ پر اسرائیلی بربریت کے خلاف اتحاد المسلمین کا شدید ردعمل

انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی افسوسناک، امت مسلمہ اسرائیلی بربریت روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں:مولانا مسرور عباس انصاری

سرینگر//جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر ممتاز مذہبی رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت و بربریت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم کی خاموشی کو مجرمانہ فعل قرار دیا ہے۔ آج مسجد سجادیہ چھتہ بل سرینگر میں اپنے خطاب میں مولانا مسرور انصاری نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اپنے ناپاک وجود سے لیکر آج تک فلسطین میں انسانی اقدار کی دھجیاں اڑا کر نہتے اور معصوم فلسطینی شہریوں کو خاک وخون میں غلطاں کررہا ہے اور مسلسل مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کررہا ہے لیکن مسلم امہ کے ٹھیکہ دار خرمستیاں لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی بربریت کے مقابل جب مظلوم عوام اپنے حقوق کے دفاع کے لئے مزاحمت کرتے ہیں تو انہیں دہشتگردی کی لیبل لگا کر اسی بہانے بے دریغ طاقت کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس مظلوم قوم کی بستیاں اجاڑ دی جارہی ہیں، معصوم بچوں، بزرگوں اور خواتین پر ممنوعہ ہتھیاروں سے حملہ کرکے ان کی زندگیاں چھین لی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست فلسطین میں ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کرکے بے دردی کے ساتھ قتل عام کررہا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اقوام متحدہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں بلکہ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار ایک ایک کرکے مظلوم فلسطینیوں کے بجائے غاصب اسرائیل کی حمایت میں کھڑے ہورہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی فلسطینی قوم کے غیور جوانوں نے انجام دے کر اپنی سرزمین اور اپنی قیمتی جانوں اور اپنے حقوق کا دفاع کیا ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی ذرائع ابلاغ نے اقوام عالم کو گمراہ کرنے کے لئے اس آپریشن کے خلاف پروپیگنڈا کا مورچہ کھولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت میں تمام شیطانی قوتیں متحد ہوگئی ہیں اور افسوس اس بات کا ہے کہ مسلم امہ خاص طور پر مسلمانوں کے ٹھیکہ دار ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ مولانا نے آپریشن طوفان الاقصی کی قدر دانی کرتے ہوئے فلسطین کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مسلم امہ کے تمام حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ مشکل حالات میں متحد ہوکر فلسطینی عوام کی حوصلہ افزائی کریں اور اسرائیل کی بربریت روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں