ایران // ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے قتل عام اور غزہ میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی ذمہ دار ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ میں فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے معاہدے کو امریکہ کی طرف سے ویٹو کرنے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے قتل عام اور غزہ میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی میں براہ راست ملوث ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے بعد سے امریکہ نے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور نسل کشی کے ارتکاب میں غاصب صیہونی نسل پرست حکومت کے ساتھ بارہا تعاون کیا ہے۔
کنعانی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی حکومت تقریباً 18ہزار شہریوں کے وحشیانہ قتل میں ملوث ہے جن میں تقریباً 8 ہزار مظلوم بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں جنگ پھیلتی ہے تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری امریکہ اور صیہونی حکومت پر عائد ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے سلامتی کونسل کے معاہدے کو ویٹو کر دیا ہے۔