غزہ میں انروا کے اسکولوں پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں 191 شہید اور 798 زخمی
غزہ // غزہ میں فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے امداد رسانی اور روزگار کے ادارے انروا کے اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں 191 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے بتایا ہے کہ غزہ میں اس کے زیر اہتمام چلنے والے اسکولوں پر اسرائيلی بمباری میں 798 فلسطینی زخمی؛ بھی ہوئے ہیں۔
فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے نے بتایاہے کہ مرکزی اور شمالی غزہ میں صیہونی حکومت کی بمباریوں میں اس کو اپنے دو اسکولوں کے مکمل طور پر منہدم ہوجانے کی حتمی رپورٹ مل گئي ہے۔
فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کی امدادی اور روزگار کی ایجنسی انروا کے ترجمان نے اتوار کو کہا تھا کہ صیہونی حکومت کی فوج اس کے مراکز پر جہاں فلسطینی مہاجرین نے پناہ لے رکھی ہے، عمدا حملے کررہی ہے۔
غزہ ميں انروا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ” ہم سمجھ رہے تھے کہ ہمارے مراکز پر غلطی سے حملے ہوتے ہیں لیکن جو کچھ ہورہا ہے اس سے کچھ اور ثابت ہوتا ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم ان تمام واقعات کے دستاویزی ثبوت جمع کرکے بین الاقوامی قانونی چارہ جوئي کے مرکز تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
غزہ میں انروا کے ترجمان نے اسی کے ساتھ کہا کہ اس ادارے کی ترجیح ان غیر فوجیوں کی جان کی حفاظت ہے جو اس کے مراکز میں پناہ گزین ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ انروا کے مراکز میں پناہ گزین غیر فوجی فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 141 ہے ۔
انروا کے ترجمان نے بتایا کہ غزہ کے جبالیا کیمپ میں اس ایجنسی کے 21 اسکول ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حال حاضر میں غزہ میں نقل و حرکت اور اپنے مراکز میں کام کرنے والے عملے کے افراد سے رابطہ ہمارے لئے مشکل ہوگیا ہے