عید میلاد النبی(ص) اور آغاز ہفتہ وحدت کی مناسبت پر اتحاد المسلمین کی مبارکباد
پیامبر اکرم(ص)کی ذات گرامی محور وحدت اور کامل ترین الگو: مولانا مسرور عباس انصاری
سرینگر// جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے عید میلاد النبی(ص)اور آغاز ہفتہ وحدت کے پرمسرت اور متبرک مناسبت پر تمام امت مسلمہ کو بالعموم اور ملت اسلامیان کشمیر کو بالخصوص مبارکباد پیش کی ہے۔ تنظیم کے صدر اور ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے اپنے تہنیتی پیغام میں مسلم امہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیامبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معلم انسانیت اور تمام عالمین کے لئے سرچشمہ رحمت و ہدایت ہے جو تمام بشریت کے لئے کامل ترین الگو ہے۔ مولانا نے کہا کہ پیامبر کی سیرت ان لوگوں کے لیے بہترین نمونہ ہیں جو اللہ کے راستے پر چلنا اور سعادت ابدی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ انسانیت میں سب سے بے مثال شخصیت مرسل اعظم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں اور ابتدائے آفرینش سے انسانی معاشرے میں نہ آپ جیسی کوئی عظیم الشان شخصیت تھی اور نہ کوئی ہوگی۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وجود مبارک اتحاد و اخوت کا محور ہے، حضورؐ نے اپنے وصال تک ہمیشہ اپنی تعلیمات و فرمودات میں اور عملی طور پر تفرقہ اور اختلافات کی نفی کی اور مسلمانوں بلکہ انسانوں کے درمیان اتحاد واتفاق یکجہتی، بھائی چارہ اور ایثار و ہمدردی کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اسلامی ،پیغمبر عظیم الشان کے بنیادی تعلیمات میں سے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمانان عالم تمام فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھیں اور کندھے سے کندھا اور ہاتھ سے ہاتھ ملا کر بھائی بھائی کی طرح اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی بقاء کے لئے کام کریں۔