علماء و طلاب ہندوستان مقیم قم کا مولانا شبیب کاظم کو جلد رہا کرنے کا مطالبہ
ہندوستان // علماء و طلاب ہند مقیم قم کی انجمن نے متحدہ طور پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے بہار مظفرپور میں تحفظ اوقاف کی تحریک کے روح و رواں مولانا شبیب کاظم کی گرفتاری پر ایک مذمتی بیان جاری کرتے یوئے مولانا موصوف کو جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
باسمہ تعالی
سیعلم الذین ظلموا ای منقلب ینقلبون
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا؛
صوبہ بہار کی موجودہ حکومت نے ایک بار پھر مافیاؤں کے دباؤ میں آکر عالمی شہرت یافتہ عالم دین محب وطن مولانا شبیب کاظم صاحب کو کسی سبب کے بغیر سفاکانہ انداز میں اور بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔
یقینا اس نا زیبا حرکت میں بہار شیعہ وقف بورڈ کا بھی اچھا خاصا کردار ہے وہاں بھی مافیاؤں کی ایک جماعت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کو ناراض کرنے میں مسلسل مشغول ہے۔
ہم صوبہ بہار کے وزیر اعلی سے بھر پور اپیل کرتے ہیں کہ مولانا شبیب کاظم صاحب کو جلد از جلد رہا کیا جائے اور دوسری طرف اس احتجاجی بیانیہ کے ذریعے ہندوستان بھر کے غیور علماء کرام اور قابل قدر عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ قانونی دائرے میں صوبہ بہار کی حکومت کے سامنے اپنے احتجاج کو جلد از جلد درج کراتے ہوئے صدر مملکت ہند اور وزیر اعظم ہندوستان کو بھی خطوط لکھ کر اس ظالمانہ رویہ میں مناسب اقدام کی درخواست کریں۔
حوزہ علمیہ قم مقدسہ کے ذمہ دار علماء وطلاب اس بہیمانہ اور سفاکانہ اقدام کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے حکومت بہار ، اور عدلیہ سے مولانا شبیب کاظم کی رہائی کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔
والسلام