170749571 20

علاقے میں کشیدگی کا ذمہ دار امریکا ہے / ترجمان وزارت خارجہ ایران

ایران// اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور علاقے میں کشیدگی کا اصلی ذمہ دار امریکا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے نسل پرست اسرائیلی حکومت کی بے دریغ حمایت اور اس کو وسیع پیمانے پر خطرناک ترین بم اور مہلک ترین اسلحے دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اس لئے غزہ میں جنگی جرائم اور علاقے میں کشیدگی کا اصلی ذمہ دار بھی وہی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ واشنگٹن غزہ اور غرب اردن میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں جنگ اور جرائم نیز فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھر پور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، ان حالات میں علاقے کی سلامتی کی بابت اس کا اظہار تشویش ایک تلخ مذاق اور امریکی حکومت کی کھلی منافقت کا ثبوت ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکی حکام کے دعوے کے برخلاف اس علاقے میں امریکی افواج کی موجودگی کبھی بھی امن وآشتی نہیں لائی ہے بلکہ امریکی حکومت نے ہمیشہ اپنی غیر قانونی مداخلت سے علاقے کے ملکوں میں بدامنی پھیلاکرناجائز صیہونی حکومت کے غیر قانونی مفاد کی حفاظت اور فلسطینی عوام کے حقوق کو پامال کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ علاقے کی سلامتی اس خطے کے ملکوں کی ذمہ داری ہے اور بیرونی مداخلت نہ ہونے کی صورت میں علاقائی ممالک امن و سلامتی قائم کرسکتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر وضاحت کی کہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ کی کوئی نیابتی فورس نہیں ہے اور علاقے کے ملکوں کے استقامتی گروہ مکمل آزادی و خومختاری کے ساتھ اپنی صوابدید پر فیصلہ کرتے ہیں اور اپنے ملکوں کی سلامتی نیز مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اقدام کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں