عرب ممالک سے لے کر یورپ تک دنیا فلسطینیوں کی حمایت میں نکل آئی
غزہ// صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ کے شہریوں اور مظلوم خواتین اور بچوں کے قتل عام پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عرب ممالک سمیت دنیا بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر رام اللہ کے لوگوں نے جہاں فلسطینی اتھارٹی کا صدر دفتر ہے اور جو صیہونی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ اور تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے مزاحمت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور غزہ کی پٹی کے نہتے عوام کے خلاف اسرائیل کے جرائم کی مذمت کی۔
مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ میں بھی غزہ کے عوام اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت میں زبردست مظاہرے دیکھنے میں آئے، فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ میں صیہونی حکومت کے قتل عام کے خلاف ہزاروں افراد بغداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔
جہاں عراقیوں نے غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کے جاری جرائم کی مذمت کے لیے بغداد میں مظاہرہ کیا وہیں سیکڑوں عراقی شہری اردن کی سرحد کے قریب تربیل پہنچ گئے اور فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔
مغربی کنارے کے نابلس میں لوگوں نے النصر مسجد کے سامنے غزہ کی پٹی کے نہتے لوگوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
اردن کے عوام نے بھی اپنی حمایت کا اعلان کرنے کے لیے ایک زبردست مظاہرے کا اہتمام کیا جبکہ ہزاروں افراد نے مصر کی جامعہ الازہر میں جمعے کی نماز کے بعد فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غزہ کی پٹی کے بے بس لوگوں کی حمایت میں ایک زبردست ریلی کا اہتمام کیا۔
دوسری جانب یمن کے شہر صیدا میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان کیا اور غزہ اور جنوبی لبنان میں صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا۔