صیہونی حکومت کو سزا ملنی چاہئے، ایران کے وزیرخارجہ کی تاکید
ایران //اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے آسیان کے سیکریٹری جنرل کے نام خط میں غاصب صیہونی حکومت کو سزا دلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزير خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے بدھ کی رات جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں کی تنظیم آسیان کے سیکریٹری جنرل کاؤ کم ہون کے نام خط میں غاصب صیہونی حکومت کو کیفرکردار تک پہنچانا سبھی بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری قرار دی ہے۔
انھوں نے اپنے اس مکتوب میں گزشتہ چند ہفتے کے دوران غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں پندہ ہزار سے زیادہ نہتے عوام ، عورتوں اور بچوں کے قتل عام، بنیادی عوامی تنصیبات کی تباہی اور غزہ کے عوام کو ایٹمی اسلحے کے استعمال کی دھمکی دیئے جانے کی طرف اشارہ کیا اور لکھا ہے کہ سبھی بین الاقوامی تنظیموں کو صیہونی حکومت کو کیفر کردار تک پہنچانے پر مبنی اپنے فریضے پر عمل کرنا چاہئے۔
وزير خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے اسی طرح کے خطوط یوریشیا کی اجتماعی سیکورٹی کی تنطیم، سی ایس ٹی او اور افریقی یونین سمیت دیگر اہم تنظیموں کے سربراہوں کے نام بھی ارسال کئے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یوریشیا کی اجتماعی سیکورٹی کی تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے نام اپنے خط میں غزہ کا محاصرہ اور صیہونی حکومت کا ناجائزہ قبضہ ختم کرانے کے لئے ضروری اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
انھوں نے اس خط میں لکھا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنے بارے میں خود فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہئے اور اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ صیہونی حکومت کو اس کے جرائم کی سزا نہ ملے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے اسی طرح افریقی یونین کمیشن کے سربراہ کے نام اپنے خط میں غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اورالمعمدانی اسپتال پر بمباری کی مذمت میں ان کے موقف کی قدردانی اور مطالبہ کیا کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے مستقل طور پر بند کرانے، اور محاصرہ نیز قبضہ ختم کرانے کے لئے زیادہ موثر اقدامات عمل میں لائے جائيں۔
انھوں نے اس خط میں بھی غاصب صیہونی حکومت کو اس کے حالیہ جرائم پر سزا دلانے کی ضرورت پر زور دیا۔