صیہونی حکومت نے جںگی حالت کا اعلان اور غزہ پر حملہ کا فرمان جاری کردیا
تہران // میڈیا ذرائع نے آج دوپہر بعد صیہونی حکومت کی جانب سے حالت جنگ اور غزہ پر حملہ کا فرمان جاری ہونے کی خبر دی ہے
صیہونی حکومت کے میڈیا ذرائع نے غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامن نتن یاہو کے دفتر کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی سیکورٹی کابینہ نے غزہ کے خلاف جنگ کا فرمان جاری کردیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ صیہونی وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والی ایک میٹنگ میں کیا گيا جس میں صیہونی حکومت کے وزیر جنگ یوآؤ گالانت ، صیہونی حکومت کی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتزی ہالوی ، چند وزیروں اور اعلی فوجی افسران نے شرکت کی ۔ یہ میٹنگ صہیونی حکومت کی وزارت جنگ میں ہوئی ۔
صیہونی میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ نتن یاہو نے یہ فیصلہ کابینہ کی اطلاع میں لائے بغیر کیا ہے اور ایک طرح سے انہوں نے کابینہ کے اراکین کو نظر انداز کیا ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے ایسے وقت میں حالت جنگ کا اعلان کیا ہے کہ استقامتی فلسطین محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی کا آج دوسرا دن ہے اور اس آپریشن میں جہاد اسلامی فلسطین اورعرین الاسود جیسے مزاحمتی فلسطین گروہ بھی حماس کے مجاہدین کے شانہ بہ شانہ غاصب صیہونیوں کے خلاف اس ہمہ گیر جنگ میں شامل ہوچکے ہیں۔
اس درمیان تازہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ 600 صیہونی اس آپریشن میں ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ فلسطینی ذرائع نے فلسطینی شہیدوں کی تعداد 572 اور زخمیوں کی تعداد 1990 سے زیادہ بتائی ہے