تہران/ / ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اصل مسائل سے انکار کرتے ہوئے، حسب معمول فلسطینی عوام کے مسلمہ حقوق کو نظرانداز کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے ایکس سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ صیہونی کابینہ اور پارلیمان نے ایک خودختار فلسطینی حکومت کی تشکیل کی مخالفت کرکے، اپنے جنگ پسند اور غاصبانہ مکروہ چہرے پر سے پردہ ہٹا دیا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے مکارانہ رویے نے ماضی میں ہونے والے امن کے ان تمام جھوٹے معاہدوں پر پانی پھیر دیا جس کا پرفریب وعدہ گزشتہ چند دہائیوں سے صیہونی عہدے دار دیا کرتے تھے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مزید لکھا کہ صیہونی حکومت ماضی کی طرح، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور پورے تاریخی فلسطین میں باضابطہ فلسطینی حکومت کی تشکیل سمیت تمام مسلمہ اور ناقابل انکار حقوق کا انکار اور اسے نظرانداز کر رہی ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ فلسطینی عوام اور استقامتی گروہ صیہونیوں کے ناپاک عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور فلسطین پر ناجائز قبضے کے خاتمے کے لئے بیت المقدس کی مرکزیت پر فلسطینی حکومت کی تشکیل کے بدستور قائل ہیں۔
انہوں کہا کہ ملت فلسطین کا حق گزشتہ 7 دہائیوں سے پاؤں تلے روندا گیا ہے لیکن اب اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر حریت پسند اقوام اور ممالک فلسطینی عوام کے حقوق کی ڈٹ کر حمایت کر رہے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے اس آنلائن پیغام میں فلسطین کے حقیقی باشندوں میں ریفرنڈم کو ہی علاقے میں جنگ و خوں خرابے کے خاتمے اور امن و سلامتی کی بحالی کا واحد طریقہ قرار دیا۔
(ارنا)