صیہونیوں کی دو مزيد چھاونیوں پر حزب اللہ کا حملہ
حزب اللہ لبنان نے بدھ کی شام ایک بیان جاری کرکے بتایا ہےکہ اس نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے میں صیہونی فوج کی دو چھاونیوں ” میتات” اور ” رامیا” کو نشانہ بنایا ہے۔
اس بیان میں زور دیا گيا ہے کہ ان حملوں میں یقینی طور پر غاصب صیہونی فوجیوں کو جانی نقصان پہنچا ہے۔
لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم نے بدھ کی صبح بھی ” الراھب” چھاونی کے اطراف ” برکان” میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔ حزب اللہ لبنان نے زور دیا کہ اس آپریشن میں بھی یقینی طور پر صیہونی فوجیوں کو جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
غزہ // حزب اللہ لبنان نے 7 اکتوبر کو الاقصی طوفان آپریشن کے آغاز کے بعد جب سے غزہ پٹی میں صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ مظالم کا آغاز کیا ہے تب سے ہر روز شمالی مقبوضہ فلسطین پر حملے کئے ہيں۔
صیہونی فوج نے بھی گزشتہ ایام میں لبنان کے سرحدی علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔
در ایں اثنا حماس نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ سخت، پیچیدہ اور طویل مذاکرات کے بعد ہم اعلان کرتے ہیں کہ خدا وندعالم کی نصرت اور قطر نیز مصر کی کافی کوششوں کے نتیجے میں چار دن کی انسان دوستانہ جنگ بندی کا معاہدہ ہوگیا۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے مطابق دوطرفہ جھڑپیں اور غزہ کے سبھی علاقوں میں صیہونی حکوت کی فوجی سرگرمیاں نیز بکتر بند گاڑیوں کی نقل و حرکت بند ہوجائے گی۔
اس سمجھوتے کے مطابق انسان دوستانہ امداد، طبی وسائل اور ایندھن لانے والے سیکڑوں ٹرک بغیر کسی استثنا کے غزہ میں داخل ہوں گے۔
حماس نے کہا ہے کہ انیس سال سے کم عمر کے پچاس، مرد اور خاتون اسرائیلی قیدی، انیس سال سے کم عمر کے ایک سو پچاس مرد اور خاتون فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں رہا کئے جائيں گے۔
اس معاہدے کے مطابق جنگ بندی کے چار دن کے دوران شمالی اور جنوبی غزہ میں صیہونی حکومت کے جنگی اور غیر جنگی طیاروں کی پروازیں صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک بند رہیں گی۔
حماس نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران غزہ کے کسی بھی علاقے اور کسی بھی فرد پر حملہ نہیں کرے گی اور لوگوں کو شاہرہ صلاح الدین پر شمالی غزہ سے جنوبی غزہ کی طرف جانے کی اجازت ہوگی ۔