صیہونیوں سے جنگ سے زیادہ قانونی اور انسانی جنگ کوئي نہیں ہے
ایران :- حزب اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ قانونی، انسانی ، اخلاقی اور دینی لحاظ سے، صیہونیوں سے جنگ سے زیادہ کامل کوئی جنگ نہیں ملے گی۔
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے مظلوم فلسطینی عوام کے حامیوں کے اجتماع عظیم سے خطاب میں غزہ کے عوام کو استقامت اور پائیداری کی علامت قرار دیا اور کہا کہ زبان، غزہ اور غرب اردن کے عوام کی عظمت، استقامت اور پائیداری کی تعریف سے قاصر ہے۔
انھوں نے استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی کے بارے میں کہا کہ یہ آپریشن سوفیصد فلسطینی آپریشن ہے جس کی منصوبہ بندی اور تیاری کرنے والوں نے حتی استقامتی محور سے بھی اس کو خفیہ رکھا تھا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اس آپریشن کو خفیہ رکھنا، استقامتی محاذ کے اندر اور اس سے باہر، کسی کی بھی نا راضگی کا سبب نہیں بنا ہے کیونکہ اس کو خفیہ رکھنا ہی اس کی کامیابی اور دشمنوں کے مبہوت ہوجانے کا سبب بنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ آپریشن اتنا عظیم، اتنا دلیرانہ اور اتنا کامیاب تھا کہ اس سے ایسا سیکورٹی، فوجی ، سیاسی اور نفسیاتی زلزلہ آیا ہے کہ جس کے آثار صیہونی حکومت پر ہمیشہ باقی رہیں گے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کچھ بھی کرلے اس عظیم آپریشن کے اثرات اور نتائج کو کم نہیں کرسکتی۔
انھوں نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی نے ثابت کردیا کہ صیہونی حکومت مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔
شہدائے راہ قدس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی تقریر شروع ہونے سے پہلے ہی غاصب صیہونی حکومت پر ایسی وحشت طاری ہوچکی تھی کہ اس نے اس تقریر کے اثرات کے خوف سے اپنی فوج کو ہائی الرٹ دے دیا تھا ۔