صہیونی حکومت کے مظالم فلسطینیوں کو فتح سے نہیں روک سکتے، جنرل باقری
ایران // ایرانی زمینی فوج کے چیف آف سٹاف نے کہا ہے کہ اسرائیل بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہارہا ہے لیکن صہیونی حکومت کے مظالم فلسطینیوں کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ہیں۔
ایرانی زمینی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ آج دشمن صہیونی غزہ میں معصوم بچوں کو قتل کررہے ہیں لیکن بے گناہوں کا خون بہانا کسی کامیابی کی دلیل نہیں ہے در حقیقت 7 اکتوہر حماس نے طوفان الاقصی آپریشن کے ذریعے صہیونی حکومت کو شکست کا مزا چکھا دیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی فوج کی دفاعی مشقوں کے دوران انہوں نے صوبہ کرمان میں کہا کہ مقاومتی جوانوں کی بہادری اور فلسطینی عوام کی استقامت کی وجہ سے فلسطین کی کامیابی یقینی ہے۔
جنرل باقری نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں کے قتل عام سے صہیونی غاصب حکومت اور اس کے حامی امریکی اور مغربی ممالک کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے واضح ہوگیا ہے۔
دشمنوں نے فلسطین میں مظالم کی انتہا کرتے ہوئے اپنی اصلیت دکھائی ہے جہاں ان کو کوئی روکنے والا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد غزہ کے خلاف خونریز جنگ چھیڑ دی ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق غزہ میں صہیونی حملوں کے نتیجے میں 13 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں خواتین اور معصوم بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لئے ضرورت کی بنیادی اشیاء کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ سے غزہ ایک جیل کی شکل پیش کررہا ہے۔