سرینگر//سری نگر کرگل شاہراہ پرخراب موسمی صورتحال اور مرمت کے پیش نظر 11سے 13جنوری تک ٹریفک معطل رہے گا۔
بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی ممکنہ طور پر 13جنوری کو سری نگر سونہ مرگ ہاوے پر 6.4کلومیٹر لمبی زیڈ مورا ٹنل کا افتتاح کریں گے۔اطلاعات کے مطابق خراب موسمی صورتحال اور مرمتی کام کے پیش نظر سری نگر کرگل شاہراہ پر 11سے 13جنوری تک ٹریفک معطل رہے گا۔
حکام نے بتایا کہ حالیہ برف باری کے بعد شاہراہ پر جگہ جگہ پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے اس طرح کا فیصلہ لیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عام لوگوں خاص طورپر مسافروں ، ڈرائیوروں اور سیاحوں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ زوجیلا پاس پر پھسلن کی وجہ سے سری نگر کرگل شاہراہ پر ٹریفک فی الحال بند رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے عہدیدار 11سے 13جنوری تک شاہراہ پر مرمتی کام کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہاکہ 14جنوری کو موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے شاہراہ پر ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
حکام نے مسافروں ، سیاحوں اور ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس شاہراہ پر سفر کرنے سے پہلے متعلقہ حکام کے ساتھ رابط قائم کریں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زوجیلا میں جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 31ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔