سرینگر سمیت وادی کے مختلف اَضلاع میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد
سٹی رپورٹر مشتاق پلوامہ
سرینگر / 74 ویں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں گرمائی دارالخلافہ میں شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم سونہ وار سرینگر میں فُل ڈریس ریہر سل کا اِنعقاد کیا گیاتاکہ قومی تقریب کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔مارچ پاسٹ میں جموں و کشمیر پولیس، جموں و کشمیر آرمڈ پولیس، انڈین ریزرو پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، ایس ایس بی، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی اور این سی سی دستوں نے شرکت کی اور تقریب کے اَحسن اِنعقاد کویقینی بنایا۔ریہرسل 26 جنوری کو ہونے والے یوم جمہوریہ کی پریڈ کا پیش خیمہ ہے۔بعد میں صوبائی کمشنر کشمیر نے مختلف ثقافتی پروگراموں کا مشاہدہ کیا جو ثقافتی اور حب الوطنی کے گیتوں پر مبنی تھے جو مختلف فن کاروں کے گروپوں اورطلباءکی طرف سے پیش کئے گئے تاکہ لوگوں میں قومی جوش و جذبہ پیدا ہو۔فُل ڈریس ریہر سل تقریب میں دیگر اَفراد کے علاوہ اے ڈی جی پی کشمیر ،ضلع ترقیاتی کمشنر ، ایس ایس پی سرینگر ،سیکورٹی محکموں اور لائن محکموں کے سینئراَفسران بھی موجود تھے۔
گاندربل : 74ویں یوم جمہوریہ کے سلسلے میںآج یہاں قمریہ گراو¿نڈ میں ضلع گاندربل میں فل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندبل شیامبیر نے ترنگا لہرایا ، مارچ پاسٹ پر سلامی لی ، پریڈ کا معائینہ اور پنڈال میں قومی تقریب کو بغیر کسی پریشانی کے منانے کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہا رکیا۔مارچ پاسٹ جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، پی ٹی ایس منیگام ، فارسٹ پروٹیکشن فورس ، ایس پی او گاندربل ، ڈسٹرکٹ پولیس ، ہوم گارڈ فائر سروس اور مختلف سکولوں کے طلبا نے پیش کیا۔اِس موقعہ پر طلباءکی جانب سے رنگا رنگ ثقافتی شو پیش کیا گیا جس میں حب الوطنی کے گیت اور لوک رقص بھی پیش کیا گیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَپنے خطاب میں 74ویں یوم جمہوریہ کو بغیر کسی پریشانی کے منانے کی تیاریوں میں مصروف تمام محکموں کی تعریف کی ۔ اُنہوں نے میڈیا مینجمنٹ ، ثقافتی پروگرام ، سٹیج وغیرہ کے حوالے سے اِنتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ کمیٹی کے اراکین کو موقعہ پر ہی ضروری ہدایات دیں۔اِس موقعہ پر تقریب کا مشاہدہ اے ڈی ڈی سی مشتاق احمد سمنانی، اے ڈی سی معراج الدین شاہ ، اے ایس پی فیروز یحییٰ ، سی پی او ، اے سی آر کے علاوہ محکمہ سول او رپولیس کے دیگر ضلعی اَفسران نے کیا ۔
اننت ناگ : اننت ناگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی) اننت ناگ بشیر احمد وانی نے آج جی ڈی سی بوائز کھنہ بل میں قومی پرچم لہریا ، پریڈ کا معائینہ کیا او رسی آر پی ایف ، جموںوکشمیر پولیس ، ہوم گارڈز ، این سی سی او رسکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔اے ڈی ڈی سی نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مختلف ترجیحی شعبوں کے تحت ضلع کی طرف سے کی گئی کوششوں اور حصولیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں تعلیم ، ہیلتھ کیئر ، لنگویشنگ، بےک ٹو وِلیج،ضلع کیپکس ، زراعت اور اس سے منسلک شعبے ، خواتین اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے ، منریگا ، جے جے ایم ، پانی اور بجلی کی فراہمی ، آنگن واڑی مراکز اور سکولوں ، دیہی ترقی ، میکڈیمائزیشن اور سڑکوں سے رابطہ ، سماجی بہبود ، نشا مُکت بھارت ، صنعتیں ، خودروزگار اور دیر پا اثاثوں کی تخلیق شامل ہیں۔
اِس موقعہ پر سکولوں کے طلباءاور محکمہ اطلاعات کے فن کاروں نے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔فُل ڈریس ریہرسل کے دوران دوسرے اَفراد کے علاوہ اے ڈی سیز ، ایس پی ایچ کیو ، سی ایم او، اے سی آر ، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی ، فلڈ،اے آ رٹی او، کے پی ڈی سی ایل ، تحصیل دار اننت ناگ ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اَفسران اور عام لوگ موجود تھے۔
بڈگام : یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں فُل ڈریس ریہرسل آج سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی۔
اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی دی سی ) بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے فیڈم فائٹرس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ضلع میں کئے گئے ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ مختلف سکولوں کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جنہوں نے اَپنی پرفارمنس سے سامعین کو محظوط کیا۔جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف اور ہوم گارڈز کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی بڈگام ، ایڈیشنل ایس پی بڈگام اور دیگر سول اور پولیس اَفسران بھی موجود تھے۔
پلوامہ : یوم جمہوریہ کی تقریبات 2023ءکے سلسلے میں آج ڈسٹرکٹ پولیس لائن پلوامہ میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی) پلوامہ ڈاکٹر عبدالعزیز شیخ نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی جس میں سی آر پی ایف ، ضلعی پولیس ، آئی آر پی ، جے کے پی خواتین وِنگ ، ہوم گارڈ ، کمانڈنٹ فورس ، بینڈ سکارڈ اور مختلف تعلیمی اِداروں کے سکولی بچوں کے دستے شامل تھے۔اِس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے آنے والے 74 ویں یوم جمہوریہ پر عوام کو مبارک باد دی او رضلع کے شاندار ورثے کی ستائش کی۔ اُنہوں نے ضلع کے مختلف ترقیاتی کاموں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد سے ہر گورنمنٹ اور پبلک عمارت پر قومی پرچم لہرانے کی اپیل کی۔اِس موقعہ پر محکمہ اطلاعات او رامور نوجوان و کھیل کود کے فن کاروں نے حب الوطنی کے گیتوں سے تقریب کو مسحور کیا ۔اس کے علاوہ مقامی فنکاروں نے ثقافتی پروگرام، حب الوطنی کے گیت اور سکٹس بھی پیش کئے۔اس موقعہ پر پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، سکولی بچے اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔اسی طرح کی تقریب ڈی پی ایل اونتی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں اے ڈی سی اونتی پورہ ظفر احمد شال نے پرچم کشائی کی اور جے کے اے پی، جے کے پی، سی آر پی ایف، این سی سی کیڈٹس اور سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
کولگام : ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) کولگام شوکت احمد راتھر نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
مارچ پاسٹ جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، خواتین پولیس، آئی آر پی ایف، ہوم گارڈ، پولیس بینڈ، نئے پولیس ریکروٹس، این سی سی کیڈٹس، سکولی بچوں اور دیگر دستوں نے پیش کیا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے لوگوں کو مبارک باد پیش کی او ریوم جمہوریہ اور آئین ہند کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس آئین کی وجہ سے ہی آزاد ہندوستان میں لوگوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں۔اِس موقعہ پر سکول کے طلباءکی جانب سے متعدد ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔
فُل ڈریس ریہرسل میں سول او رپولیس اِنتظامیہ کے اَفسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
بارہمولہ : یوم جمہوریہ کی تقریبات 2023 ءسے قبل آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں ایک فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) بارہمولہ ظہور احمد رینہ نے پریڈ کا معائینہ کیا، قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز، آرمڈ پولیس، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلباء نے پیش کیا۔اے ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی تاریخ میں یوم جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ بارہمولہ کئی محاذوں پر تیز رفتاری سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اے ڈی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ کو ملک میں تیزی سے ترقی کرنے والے ضلع کے طور پر پہچانا جاتا ہے جیسا کہ حال ہی میں جاری کردہ نیتی آیوگ کی ڈیلٹا رینکنگ میں ضلع بارہمولہ نے ملک میں اسپریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔مزید برآں، اے ڈی سی نے مختلف منصوبوں کو فہرست میں شامل کیا جو ضلع میں مختلف شعبوں صحت، تعلیم، دیہی ترقی وغیرہ میں تیار کئے گئے تھے اوراُنہوں نے کہا کہ ضلع نے متعدد شعبوں میں شاندار کامیابیاں ریکارڈ کی ہیں۔اِس دوران سکولوں کے طلباءاور مقامی فنکاروں نے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔
کپواڑہ :یوم جمہوریہ کی تقریبات 2023 ءکی فل ڈریس ریہرسل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) کپواڑہ غلام نبی بٹ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، ہوم گارڈز ، ایف پی ایف اور پولیس کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع میں رواں مالی سال کے دوران کئے گئے مختلف بڑے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 2022-23ءکا منظور شدہ ضلع کیپکس بجٹ 1,598.53کروڑ تھا جو گذشتہ برس سے دوگنا ہے۔تقریب کے دوران سکولی بچوں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔
اِس موقعہ پر سی اِی او کپواڑہ ، اے سی ڈی سول اور پولیس اَفسران موجود تھے۔
شوپیاں : 74ویں یوم جمہوریہ 2023 ءکی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی۔سی آر پی ایف، جے کے پی، فارسٹ پروٹیکشن فورس، ہوم گارڈز، این سی سی کیڈٹس اور مختلف تعلیمی اداروں کے سکولی بچوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے سی ڈی) شوپیاں یار علی خان نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ پروفائل پیش کیا جس میں جاری منصوبوں اور پروگراموں کے علاوہ ضلع کی نمایاں سیکٹر وار کامیابیوں پر مشتمل تھا۔اے ڈی سی نے شرکت کرنے والے طلباءسے مطالبہ کیا کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں تاکہ تقریب کو شاندار بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے افسران، سکولی بچوں اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قومی تقریب کو جوش و خروش سے منانے کے لئے بڑی تعداد میں آئیں۔اِس موقعہ پر مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءنے حب الوطنی، ثقافتی روایات اور لوک رقص پر مبنی دلکش ثقافتی آئٹمز پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب داد دی۔اِس موقعہ پر پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔بانڈی پورہ : یوم جمہوریہ کی تقریبات سے پہلے آج بانڈی پورہ ضلع بھر میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔
مرکزی تقریب ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) بانڈی پورہ علی افسر خان نے اے ایس پی بانڈی پورہ عاشق حسین ٹاک کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور جے کے پی، سی آر پی ایف، ایس پی اوز ، این سی سی کیڈٹس اور مختلف سکولوں کے دستے پر مشتمل دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔
فل ڈریس ریہرسل میں سول انتظامیہ، فوج اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اے ڈ ی ڈی سی نے اَپنی تقریب میں یوم جمہوریہ کی تقریبات پر روشنی ڈالی اور ضلع میں کی گئی ترقیاتی سرگرمیوںکو اُجاگر کیا۔مختلف سکولوں کے ثقافتی پروگرام بھی حاضرین کو محظوظ کرنے کے لئے پیش کیے گئے۔ اس موقعہ پر پیش کئے گئے ثقافتی پروگراموں میں ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے اور معاشی و سماجی ترقی کی عکاسی کی گئی۔فل ڈریس ریہرسل منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں بھی منعقدہوئی جہاں اے ڈی سی بانڈی پورہ وسیم راجا نے پرچم کشائی کی۔فل ڈریس ریہرسل کی اسی طرح کی تقریب سب ڈویڑن سنبل اور گریز میں منعقد ہوئی جہاں متعلقہ تحصیل داروں نے پرچم کشائی کی۔ضلع بھر میں بلاک لیول، پنچایت سطح اور سکولوں میں فل ڈریس ریہرسل کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔