سرکاری ملازمین کا وفد غلام حسن میر سے ملاقی
اولڈ پنشن اسکیم کی بحالی کا مطالبہ
جموں//سرکاری ملازمین کے ایک وفدنے اپنی پارٹی سنیئرنائب صدر غلام حسن میر سے گاندھی نگرپارٹی دفتر جموں میں ملاقات کی۔ وفد نے موصوف کو بتایاکہ سال 2010سے نافذ نئی پنشن اسکیم سے اُنہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ ملازمین نے غلام حسن میر سے گذارش کی کہ اپنی پارٹی پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کے معاملہ کو انتظامیہ کے ساتھ زور شور سے اُٹھائے اور اِس کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ملازمین کو بغور سننے کے بعد غلام حسن میر نے یقین دلایاکہ اپنی پارٹی اُن کے اِس جائز مطالبہ کو پورا کرنے کے لئے ہرممکن کوششیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اِس مانگ کو متعلقہ پلیٹ فارم پر مناسب طریقہ سے پروجیکٹ کیاجائے گا۔ اس موقع پر غلام حسن میر نے کہاکہ بہت ساری ریاستوں نے اولڈ پنشن اسکیم کو بحال کر دیا ہے لہٰذا جموں وکشمیر میں بھی ایسا کیاجانا چاہئے۔
اس موقع پر اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، صوبائی نائب صدر وسابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ بھی موجودتھے۔ ملازمین کے وفد میں این ایم او پی ایس یونین صدر محمد اشرف، چیف کنوئنر راجیو شرما، محمد عرفان، محمد اقبال مغل، سید لطیف نازکی وغیرہ شامل تھے۔
