1710521182466

رمضان المبارک تربیت نفس و اصلاح معاشرہ کے لئے بہترین موقع

انتظامیہ ریکارڈ توڑ مہنگائی پر لگام لگانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے:مولانا مسرور عباس انصاری

سرینگر//جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر و معروف دانشور اور ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے جامع مسجد سجادیہ ،سجاد آباد چھتہ بل میں خطبہ جمعہ کے دوران ماہ مبارک رمضان کی فضیلت بیان کرتے ہوئے اس متبرک مہینے کو ماہ ہدایت و ماہ نجات قرار دیا اور کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جو کہ بیداری، عبادت اور اصلاح کا مہینہ ہے، ہر شخص کو چاہیے کہ وہ ان بابرکت و پرعظمت لمحات میں اپنے رب کے ساتھ تعلق کو گہرا اور مضبوط کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ مادیت پرستی اور گناہوں سے نجات کا واحد راستہ تقویٰ اور پرہیزگاری ہے اور تقویٰ و پرہیزگاری کی مشق کا بہترین ماحول ماہ مقدس رمضان ہی فراہم کرتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ کہ قرآن مجید جو انسانیت کی بقاء اور مسلمانوں کی سعادت کا ضامن ہے اسی ماہ متبرک میں نازل ہوا لہذا یہ کتنا پرسعادت اور مناسب وقت ہے کہ انسان اس ماہ کی اہمیت سمجھ کر اپنے نفس کی تربیت اورمعاشرہ کی اصلاح کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان مومنوں کے لئے ماہ بہار ہے جو ایمان کو تروتازہ رکھنے میں اور انسانی روحانیت کو اپنے عروج پر پہنچانے میں ممتاز کردار ادا کرتا ہے۔ مولانا مسرور عباس انصاری متبرک ایام میں ریکارڈ توڑ مہنگائی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ناجائز منافع خوروں کو لگام لگانے میں بری طرح سے ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ نرخوں کو اعتدال میں رکھنے والوں کو ہی ناجائز منافع خوروں نے اعتدال میں رکھا ہے ۔انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ ماہ مبارک کا لحاظ رکھ کر غرباء پر احسان کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں