دمشق// میڈیا ذرائع نے سنیچر کی صبح شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں صیہونی حکومت کے فضائی حملے اور شامی ایئر ڈیفنس کی فائرنگ کی خبر دی ہے۔
شام کے الاخباریہ چینل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شام کے ایئر ڈیفنس نے دمشق کے مضافات میں صیہونی دشمن کے فضائی حملے کا مقابلہ کیا ہے۔
شام کے دیگر میڈیا ذرائع نے بھی دمشق کے چند مضافاتی علاقوں پر صیہونی حکومت کے حملوں کی خبر دی ہے۔
اسی سلسلے میں شام کی وزارت دفاع نے بھی ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ سنیچر کی صبح 1 بجکر 35 منٹ پر مقبوضہ جولان کی طرف سے صیہونی دشمن نے شہر دمشق کے اطراف کے بعض علاقوں پر فضائی حملہ کیا۔
شام کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ شامی فوج کے ایئر ڈیفنس نے حملہ آور اہداف کا پیچھا کیا اور ان میں سے اکثر کو مار گرایا۔
شام کی وزارت دفاع کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔