خاتون جنت کے یوم ولادت کے سلسلے میں ذالپورہ سمبل سوناواری میں روح پرور مجلس کا انعقاد
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا خواتین عالم کے لیے نمونہ کامل۔۔۔۔مولانا امداد ساقی
سٹی رپوٹرر سرینگر//ولادت باسعادت دختر پیامبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم،خاتون جنت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے سلسلے میں ذالپورہ سمبل سوناواری میں ایک روزہ روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا اس مجلس میں سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تئیں والہانہ عقیدت کا اظہار کیا ۔مجلس صبح دس بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی۔اس روح پرور مجلس میں دانشوروں اور علمائے کرام کے علاوہ نعت خوانوں مدح خوانوں اور شعرائے کرام نے بھی شرکت کرکے خاتون جنت سلام اللہ علیہا کو گلہائے عقیدت پیش کئے۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امداد علی ساقی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو خواتین عالم کے لیے نمونہ کامل قرار دیا ۔اپنے خطاب میں مولانا امداد ساقی نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا، حضرت امیر المومنین علی (علیہ السلام) سے شادی کے بعد پوری دنیا میں نمونہ خاتون کی حیثیت سے افق عالم پر چمکیں، پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی دختر گرامی جس طرح ازدواج کے مراحل میں سب کے لئے نمونہ اور اسوہ عمل تھیں، اسی طرح اپنے پروردگار کی اطاعت میں بھی نمونہ تھیں۔ جب آپ گھر کے کاموں سے فارغ ہوتی تھیں تو عبادت میں مشغول ہو جاتی تھیں، نماز پڑھتیں، دعا کرتیں، خدا کی بارگاہ میں گریہ و زاری کرتیں اور دوسروں کے لئے دعائیں کرتی تھیں۔مولانا ساقی نے کہا کہ امام صادق (علیہ السلام) اپنے جد امجد حضرت امام حسن بن علی (علیہ السلام) سے روایت نقل کرتے ہیں کہ امام حسن علیہ السلام نے فرمایا: میری والدہ گرامی شب جمعہ کو صبح تک محراب عبادت میں کھڑی رہتی تھیں اور جب دعا کے لئے ہاتھ اٹھاتیں تو باایمان مردوں اور عورتوں کے لئے دعا فرماتیں، لیکن اپنے لئے کچھ نہیں کہتی تھیں، ایک روز میں نے سوال کیا: اماں جان! آپ دوسروں کی طرح اپنے لئے کیوں دعائے خیر نہیں کرتیں؟ آپ نے کہا: میرے بیٹے! پڑوسیوں کا حق پہلے ہے۔مولانا نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ہر حال میں سیرت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا پر عمل پیرا ہوجائیں تاکہ تمام درپیش مسائل اور مشکلات کا خاتمہ یقینی بن جائے