حضرت فاطمه (س) خواتین میں سب سے اعلیٰ اور اولیٰ درجے پر فائز ہیں: آغا حسن الموسوی
سرینگر// جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں ایک عظیم شان مجلسِ عزاء منعقد ہوئی۔
جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں ایک عظیم شان مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجۃ اسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہزادی کونین حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی حیات اور مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔
آغا صاحب نے کہا کہ خاتون جنت حضرت سیدہ عالم ؑ ان منتخب اور برگزیدہ خواتین میں سب سے اعلیٰ اور اولیٰ درجے پر فائز ہیں جنھیں خداوند عالم نے دنیائے نسوانیت کے لئے نمونۂ عمل اور ذریعہء ہدایت قرار دیا۔ جناب سیدہؑ کی سیرت اور کردار و عمل نہ صرف صنف نازک کے حقیقی مقام اور عزت و عظمت کا سر چشمہ ہے، بلکہ بنت حوا ؑ کے حقوق و فرائض کا مکمل صحیفہ ہے۔
آغا صاحب نے کہا کہ صالح سیرت خواتین کا کردار ایک صالح اور پرسکون معاشرے کی تشکیل میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ خواتین کی اخلاقی اور روحانی تربیت کے لئے حضرت الزہرا ؑ کی سیرت ایک مکمل ضابطہ اور بے بدیل نمونۂ عمل ہے۔