حضرت امام زین العابدین(ع) کے یوم شہادت کے سلسلے میں پیروان ولایت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مجلس حسینی (ع) کا انعقاد ۔
سرینگر // سفیر کربلا حضرت امام زین العابدین کے یوم شہادت کے سلسلے میں پیروان ولایت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مسجد جامع زینبیہ (ع) خندہ بڈگام میں مجلسیں برگزار ہوئی اور جس میں عزاداروں کی بھاری تعداد نے شرکت کرکے محافظ کربلا حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پیروان ولایت جموں وکشمیر کے سرپرست اعلیٰ اور ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سبط محمد شبیر قمی نے تحریک کربلا کے علمبردار اور مبلغ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سردار شہداء، حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام اور آپ کے رفقاء کی عظیم قربانیوں کے بعد ناجائز اموی حکومت کے جابرانہ چہرے سے امام سجاد نے نقاب کھینچ کر اتارا ۔اس سے جو تباہ کن اثرات ناجائز اور غاصب حکومت پر مرتب ہوئے اور اس کے جواز پر سوالیہ نشان لگا وہ محافظ تحریک کربلا حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی مجاہدت جرائت اور شجاعت کا نتیجہ ہے ۔مولانا نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام نے شہدائے کربلا پر ڈھائے جانے والے دلسوز مصائب پر گریہ و زاری کرکے تحریک کربلا کے آفاقی پیغام کو عام کیا ۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ کو زندہ رکھنے میں سید الساجدین علیہ السلام کا کردار لافانی اور بے مثال ہے تحریک عاشورہ کے اس عظیم مبلغ حضرت امام سجاد علیہ السلام نے اپنے شعلہ بیان خطبات سے سید الشہداء کی صالح تحریک کو تحریف کے حملے سے بچا لیا۔ آج چودہ سو سال گزر جانے کے بعد بھی یہ تحریک ابدی اور رواں دواں ہے۔انہوں نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام پوری بشریت کے لئے نمونہ عمل ہے ۔