حزب اللہ کا پرچم اسرائیلی فوجی ٹھکانے کی بغل میں
ایران// المنار ٹی وی کی نشر کردہ فوٹیج میں جنوبی لبنان کی سرحد کے نزدیک مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے ایک فوجی مرکز کی بغل میں حزب اللہ کا پرچم لہرا تا دکھایا گیا ہے۔
المنار ٹی وی کے نامہ نگار علی سامر الحاج نے آج اتوار کو جنوبی لبنان کے عیتا الشعب نامی گاؤں سے رپورٹنگ میں ایک فوٹیج دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ “حزب اللہ کا پرچم جو آپ صیہونی فوج کے راہب نامی مرکز کی بغل میں لہراتا ہوا دیکھ رہے ہیں، چند روز قبل یہاں نصب کیا گیا ہے۔” اس کا مطلب یہ ہے کہ حزب اللہ کے مجاہدین ، اس پرچم کو صیہونی حکومت کے راہب فوجی مرکز کی بغل میں نصب کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
میڈیا ذرائع نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے راہب نامی فوجی مرکز میں ایک مرکاوا ٹینک بھی ایک راکٹ کا نشانہ بناہے۔
اس سے پہلے بھی مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع شتولا نامی غیر قانونی صیہونی کالونی ایک راکٹ کا نشانہ بنی تھی جس میں ایک صیہونی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان کی کئی بستیوں پر فضائی حملے اورگولہ باری کی ہے ۔ الجزیرہ ٹی وی نے بھی جنوبی لبنان کے رہائشی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی فوج کی گولہ باری کی فوٹیج نشر کی ہیں جن میں ممنوعہ فاسفورس مادہ کے حامل گولے پھینکے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران جنوبی لبنان اور شمالی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر صیہونی فوج اور حزب اللہ کے مجاہدین کے درمیان جھڑپوں کا مشاہدہ کیا گيا ہے۔