170705865 24

جنگ رکوانے کے لئے آخری سیاسی موقع سے استفادہ کریں، استقامتی تحریک کسی کی سفارش کی منتظر نہیں رہے گی ۔میر عبدللّہیان

جنگ رکوانے کے لئے آخری سیاسی موقع سے استفادہ کریں، استقامتی تحریک کسی کی سفارش کی منتظر نہیں رہے گی ۔

ایران// اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ قطر میں جنگ رکوانے کے لئے آخری سیاسی موقع سے استفادے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ استقامتی تحریک کسی کی سفارش کی منتظر نہیں رہے گی۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے امیر قطر سے ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے اس ملاقات میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں امیر قطر کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے امیر قطر سے ملاقات میں غاصب صیہونی فوج کے مقابلے میں فلسطین کے استقامتی محاذ کی پائیداری اور استقامت کو قابل تعریف بتاتے ہوئے، غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں غزہ کے حالات کو المناک قرار دیا۔
حسین امیر عبداللّہیان نے امریکا اور بعض یورپی ملکوں کی ہمہ گیر حمایت سے جاری صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے غیر متوقع نتائج کی جانب سے خبردار کیا۔
انھوں نے صیہونیوں اور ان کے حامیوں کو عالم اسلامی کی جانب سے سخت، ٹھوس اور محکم پیغام دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسلامی ملکوں کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت میں مشترکہ اور متحدہ موقف ضروری ہے۔
انھوں نے کہ اسلامی ملکوں کو مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جنگی جرائم اور نسل کشی فوری طورپر رکوانے اور غزہ کے عوام کا انسانی محاصرہ ختم کرانے کے لئے پوری توانائی سے کام لینا چاہئے۔
حسین امیر عبداللّہیان نے کہا کہ غزہ کے مظلوم اورنہتے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں تدریجی طور پر ردعمل میں شدت آئے گی اور جںگ کا دائرہ وسیع تر ہوجائے گآ ۔
انھوں نے کہا کہ فطری بات ہے کہ ان تمام وحشیانہ جرائم اور امریکا کی جانب سے صیہونی حکومت کی ہمہ گیر حمایت پر استقامتی تحریکیں اور گروہ خاموش نہیں رہ سکتے اور وہ کسی کی سفارش کے منتظر نہیں رہیں گے، لہذا ضروری ہے کہ جںگ رکوانے کے لئے آخری سیاسی موقع سے فائدہ اٹھایا جائے اس لئے کہ اگر حالات کنٹرول سے باہر ہوگئے تو پھر کوئی فریق بھی اس کے نتائج سے محفوظ نہیں رہے گا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی اس ملاقات میں مظلوم فلسطینی عوام کی بھر پور حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا
اور کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم دنیا کی کسی بھی قوم کے لئے قابل تحمل نہیں ہیں ۔
انھوں نے دنیا بھر میں صیہونیت مخالف مظاہروں کو صیہونی حکومت اور امریکا سمیت اس کے تمام حامیوں سے دنیا کے عوام کی نفرت و بیزاری کا ثبوت قرار دیا۔
امیر قطر نے اسی کے ساتھ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے بند کروانے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں