جنوبی کشمیر کے عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کی اروند کیجریوال سے دہلی میں ملاقات
سیاسی منظر نامے، کشمیری سیب صنعت اور آئندہ اسمبلی انتخابات پر تبادلہ خیال
سٹی رپورٹر مشتاق پلوامہ
سرینگر / جنوبی کشمیر سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنماؤں نے دہلی کے وزیر اعلی اور پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سے دہلی میں ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں سیاسی منظر نامے اور آنے والے اسمبلی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی رہنماؤں پر مشتمل وفد میں سے ڈاکٹر محمد ایوب متو ضلع صدر کولگام، پروفیسر فاروق احمد آغا ضلع صدر پلوامہ، غلام نبی پرے ضلع صدر شوپیاں اور مدثر احمد ضلع صدر اننت ناگ شامل ہیں ۔ انہوں نے جموں وکشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات پوری قوت اور طاقت کے ساتھ لڑے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ آئندہ انتخابات کے لیے خود کو تیار کریں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو عام آدمی پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں سے آگاہ کرتے ہوئے عوام دوست پالیسیوں کو عوام کی دہلیز پر لے جانے پر زور دیا۔ میٹنگ میں درگیش پاٹھک انچارج جموں و کشمیر، ہرجوت سنگھ پنجاب کابینہ کے وزیر اور الیکشن انچارج جموں، عمران حسین دہلی کابینہ کے وزیر اور الیکشن انچارج کشمیر، جموں پربھاری اے اے پی گورو شرما اور پربھاری صلاح الدین خان نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں وفد کے ارکان نے اروند کیجریوال کو جموں و کشمیر کے سیاسی منظر نامے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مقبول حکومت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر ایوب نے اروند کیجریوال کو اس بات سے آگاہ کیا کہا کہ جموں کشمیر میں مہنگائی اور بے روزگاری آسمان چھو رہی ہے اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت ان معاملات کو حل کرنےمیں پوری طرح ناکام ہے۔ڈاکٹر ایوب نے مزید کہا، “عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک آخری امید ہے کیونکہ بی جے پی نے جموں کشمیر کے لوگوں کو ہر محاذ پر بری طرح سے دھوکہ دیا ۔ انہوں نے اروند کیجریوال سے پارٹی کیڈر کے حوصلے کو بڑھانے کے لیے جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی بھی اپیل کی۔اروند کیجریوال نے ہر بات کو صبروتحمل سے سنتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ جموں اور کشمیر کا دورہ کریں گے .انہوں نے جموں و کشمیر کے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ ہر قیمت پر فرقہ وارانہ اور عالمگیر بھائی چارے کو برقرار رکھنے کو انتہائی اہمیت دیں۔ وفد نے کشمیری سیب کی صنعت کے خسارے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کشمیری سیب صنعت کو خسارے سے باہر نکالنے کیلئے عام آدمی پارٹی سیب اگانے والوں سے کشمیری سیب خرید کر مڈ ڈے میلز میں شامل کرنے جارہے ہیں اور سرکاری اسکولوں میں دہلی اور پنجاب میں لاکھوں طالبات ہیں ان کو جسمانی نشوونما کو فروغ بھی ملے گا اور ساتھ ساتھ کشمیری سیب صنعت کو جو خسارہ درپیش ہے اس سے کم کرنے کے امکانات پیدا ہونگے ۔اروند کیجریوال نے کہا میں متنازعہ بیانات دینے کا عادی نہیں ہوں میں لوگوں کے جزبات کا قدر کرتا ہوں اور انہیں ابھارنے کی کوشش کرتا ہوں ۔