0

جموں و کشمیر اب امن کی راہ پر گامزن

گزشتہ 10 سالوں میں دہشت گردی کے واقعات ،،شہریوں اور سکیورٹی فورسز ہلاکتوں میں کمی آئی
دفعہ 370 کو ہٹا کر دہشت گردی کو پنپنے نہیںدیا گیا ، یہی وجہ ہے 2 کروڑ سے زیادہ سیاح کشمیر آئیں / امیت شاہ

سرینگر // جموں و کشمیر اب امن کی راہ پر گامزن ہے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں دہشت گردی کے واقعات میں 69 فیصد ،شہریوں کی ہلاکتوں میں 80 فیصد اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکت میں44 فیصد کمی آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹا کر ہم نے دہشت گردی کے پنپنے کا راستہ بند کر دیا۔ یہی وجہ ہے کہ سال 2023 سے اب تک 2 کروڑ سے زیادہ سیاح وہاں آئے اور 33 سال بعد سنیما ہال کھلے۔سی این آئی کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک کے بعد ایک پوسٹوں میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹا کر ہم نے دہشت گردی کے پنپنے کا راستہ بند کر دیا۔ یہی وجہ ہے کہ 2023 سے اب تک 2 کروڑ سے زیادہ سیاح وہاں آئے اور 33 سال بعد سنیما ہال کھلے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوششوں سے آج جموں و کشمیر میں آئی آئی ٹی ، اور ایمز جیسے ادارے کھل چکے ہیں اور ترقی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا ہے۔امیت شاہ نے کہا کہ دفعہ 370 کو ختم کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے جموں و کشمیر کی ترقی کے تمام بند راستے کھول دیے ہیں اور ریاست کو دہشت گردی اور پتھراؤ سے نکال کر امن اور امکان کے دروازے پر کھڑا کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے داخلی سلامتی کے چیلنجوں کے 3 ہاٹ سپاٹ تھے ۔ مشرقی ہندوستان، بائیں بازو کا انتہا پسند علاقہ اور جموں کشمیر تاہم سال 2014 میں جب مودی وزیر اعظم بنے تو انہوں نے ان تینوں شعبوں میں متوازی کام کیا ہے۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا’’وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ جب ہندوستان 2047 میں آزادی کے 100 سال کا جشن منائے گا تو ہمیں تمام شعبوں میں پہلے نمبر پر رہنا ہوگا۔ اگلے 24سال بہترین ہوں گے۔ یہ امرت کال کا آغاز ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا ’’ہمارے ملک میں نوجوانوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ زیادہ تر ڈاکٹر، انجینئر اور ٹیکنوکریٹس ہندوستان میں ہیں۔ یہاں جمہوریت اور ٹیم ورک ہے۔ ہر میدان میں ہندوستان کے نمبر ون ہونے کا وقت آگیا ہے۔امیت شاہ نے کہا کہ ہندوستان سال 2014 میں 11ویں نمبر سے سب سے بڑی معیشتوں کی فہرست میں 5ویں نمبر پر آگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں