جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائیں:منجیت سنگھ
سانبہ میں درجنوں افراد کی اپنی پارٹی میں شمولیت
سانبہ:اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ سانبہ ضلع میں عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ وزیر نے کہاکہ انتظامیہ کا لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ، پچھلے کئی سالوں سے منتخب حکومت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں میں احساس ِ بیگانگی ہے اور وہ خود کو الگ تھلگ محسوس کر رہے ہیں ۔
موصولہ پریس بیان کے مطابق اس موقع پر درجنوں افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا سردار منجیت سنگھ نے خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ اُن کے شامل ہونے سے پارٹی کو مضبوطی ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر اس وقت مشکل مرحلہ سے گذررہی ہے جس میں لوگوں کی حکومت میں کوئی سیاسی نمائندگی نہیں۔ حکومت زمینی سطح پر مکمل طور ناکام ہے اور بیروکریسی زمینی حقائق کو نظر انداز کر کے دفاتر میں بیٹھ کر اپنی مرضی ومنشا کے مطابق کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے۔لوگ بڑھتی بے روزگاری اور احساس ِ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ جولوگ دہائیوں سے زمین پر کاشت کر رہے ہیں، کو انتظامیہ بیدخل کر رہی ہے۔ بیروکریسی راج نے اپنے آمرانہ طرز ِ عمل سے مشکلات میں کئی گناہ اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لئے اسمبلی انتخابات ضروری ہیں تاکہ اُن کی حکومت میں نمائندگی ہو۔
اس سے قبل مقامی لوگوں نے اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں سردار منجیت سنگھ کی نوٹس میں مشکلات لائیں ۔ موصوف نے یقین دلایاکہ وہ متعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکر اِ ن کے حل کو یقینی بنائیں گے۔دریں اثناءپارٹی ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا نے بھی متعدد مسائل کو اُجاگر کیا۔