لیفٹنٹ گورنر نے لیا سینئر حکام کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں عمل درآمد کا جائزہ
خطرناک جرائم اور دہشت گردی سے متعلق مقدمات میں سزا کی شرح میں اضافے کیلئے تفتیش مقررہ وقت میں مکمل کرنالازمی :منوج سنہا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموںوکشمیر یوٹی میں تین نئے فوجداری قوانین۔ بھارتیہ نیائے سنہتا 2023، بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا 2023 اور بھارتیہ ساکشیہ ادھینیم 2023 کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈِی جی پی نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، ڈِی جی پی محکمہ جیلخانہ جات دیپک کمار، اے ڈِی جی پی ہیڈکوارٹرزو کوآرڈی نیشن ایم کے سنہا، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، آئی جی پی ایچ کیو بھیم سین ٹوٹی اور آئی جی کرائم ڈاکٹر سنیل گپتا نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یکم جولائی 2024 ءکو عملانے والے نئے فوجداری قوانین کی مو¿ثر عمل آوری کے لئے پولیس اہلکاروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ملازمین کی صلاحیت سازی اور تربیت کے لئے اُٹھائے گئے جامع اَقدامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے کرمنل جسٹس سسٹم کو مضبوط بنانے اور بالخصوص گھناو¿نے جرائم، ملک مخالف سرگرمیوں اور دہشت گردی سے متعلق واقعات میں سزا کی شرح کو بڑھانے کے لئے مخلصانہ کوششوں پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں پولیس کی طرف سے کی جانے والی کاررِوائی میں شفافیت کو یقینی بنانا چاہیے اور نئے فوجداری قوانین میں نشاندہی کے مطابق تیز رفتارتفتیش اور مقدمے کی سماعت کے لئے مقرر کردہ ٹائم لائن کو پورا کرنا چاہیے۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ نئے فوجداری قوانین سے پہلے اور بعد کے دور کا تقابلی مطالعہ کیا جائے اور نئے فوجداری قوانین کے بارے میں عوام میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے اِنفارمیشن، ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر اور لیگل سروسز اَتھارٹی سمیت مختلف محکموں کے اِشتراک سے عوامی بیداری کیمپوں کے لئے ایک کیلنڈر تیار کیا جائے۔میٹنگ میں مختلف تکنیکی مداخلتوں، ایس او پیز اور گائیڈ لائنز کے نوٹیفکیشن، ڈوگری اور کشمیری زبانوں میں نئے قوانین کا ترجمہ، ایف ایس ایل وین کی خریداری اور فارنسک ماہرین، جیل اہلکاروں اور عدالتی اَفسران کی تربیت کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ،سیکرٹری قانون، انصاف وپارلیمانی امور محکمہ اچل سیٹھی،ڈائریکٹر جموں و کشمیر جوڈیشل اکیڈمی محترمہ سونیا گپتا، ایس آئی او این آئی سی جسکرن سنگھ مودی اور دیگر سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔