جموں میں منشیات اسمگلروں کے خلاف
جموں وکشمیر پولیس کی خصوصی مہم قابل ِ تعریف:وپل بالی
جموں: اپنی پارٹی صوبائی صدر یوتھ ونگ وپل بالی نے شہر جموں اور اِس کے مضافاتی علاقوں میں جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے منشیات اسمگلروں کیخلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کی تعریف کی ہے۔
یہاں جاری ایک بیان میں وپل بالی نے کہاکہ ایس پی ساو ¿تھ ممتا شرما کی زیر ِ نگرانی 7جنوری2023کو جموں میں نوجوانوںکو نشہ کی لت لگانے والوں کیخلاف مہم قابل ِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس علاقہ میں پولیس نے یہ مہم چلائی وہ منشیات اسمگلروں کا گڑھ بن چکا ہے جہاں آئے روز کوئی نہ کوئی گرفتاری ہوتی ہے۔ یہ قابل ِ تعریف ہوگا کہ جموں وکشمیر پولیس منشیات مخالف ایسی مہم جاری رکھے۔
انہوں نے کہاکہ ” جموں کے متعدد علاقہ جات میں نوجوان منشیات کے عادی بن چکے ہیں ۔ منشیات کئی جرائم کو بھی جنم دے رہی ہے جیسے چھینا جھپٹی اور چوری کے واقعات شامل ہیں، اگر چہ لوگوں نے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے ہیں“۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ آگے آکر پولیس کی حمایت کریں اور جہاں جہاں منشیات کی وباءپنپ رہی ہے، اُس کا قلع قمع کرنے میں پولیس کی مدد کریں۔
وپل بالی نے کہاکہ عوامی تعاون کے بغیر نشہ کو ختم کرنا مشکل ہے۔ ملک کے ذمہ دارشہری ہونے کے ناطے سماج کو پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ نشہ کے عادی نوجوانوں کو اِس لت وباءسے باہر نکالنے کے لئے بازآبادکاری مراکز کو بھی اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔