جموں شہر سے متعدد افراد اپنی پارٹی میں شامل
عوام پارٹی کی سچائی اور مساوی ترقی کی سیاست کی حمایت کرتی ہے:غلام حسن میر
جموں// اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں سماج کے مختلف طبقہ جات کے لوگ سچائی اور مساوی ترقی پر مبنی سیاست کی حمایت کرتے ہیں۔
وہ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ ایک جوائننگ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس میں خواتین سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے اپنی پارٹی شمولیت اختیار کی۔ اِن کا سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے استقبال کیا۔انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ اِس سے شہر جموں میں پارٹی کیڈر کو مضبوطی ملے گی۔
اس پروگرام کا اہتمام او بی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ نے کیاتھا۔ غلام حسن میر نے کہاکہ یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ پارٹی نے جموں میں بھی اپنی شناخت قائم کی ہے اور درجنوں کی تعد اد میں لوگ روزانہ پارٹی میں اِس اُمید کے ساتھ شامل ہورہے ہیں، کہ اُن کے مسائل حل ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ سماج کے مختلف طبقہ جات کے لوگ پارٹی کی پالیسی وترقیاتی ایجنڈے سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی جماعت صداقت اور مساوی سیاست پر یقین رکھتی ہے جس کا مطلب دونو ں خطوں کی بلا امتیاز یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے پارٹی کی سماجی تحفظ اسکیموں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا“ پارٹی کو اگر منڈیٹ ملا تو ہم ماہانہ بیوہ پنشن پانچ ہزار روپے کرنے، سالانہ اجولا اسکیم کے تحت فی کنبہ چار مفت گیس سلنڈر فراہم کرنے، گرمائی ایام کے دوران جموں میں500اور کشمیر میں موسم سرما کے دوران 500یونٹ بجلی مفت دینے کے وعدہ بند ہیں“۔
غلام حسن میر نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے قدرتی وسائل کا تحفظ، صنعتی شعبوں میں مقامی لوگوں کے روزگار کو یقینی بنانے ، خواتین اور دیگر سماج کے کمزور طبقہ جات کی سماجی، سیاسی اور تعلیمی ترقی کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایک خوشحال جموں وکشمیر کے لئے الطاف بخاری کو مضبوط کریں۔
اس موقع پر پارٹی ریاستی جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، معاون جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن)ارون کمار چبر، صوبائی سیکریٹری وضلع صدر جموں اربن ڈاکٹر روہت گپتا، جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ ابہے بقایہ، ایس ٹی ونگ صوبائی صدر چوہدری شبیر کوہلی، خاتون لیڈر پونیت کور اور ور صوبائی سیکریٹری ویشال جوتشی وغیرہ بھی موجود تھے۔